سوال
ایک بہن کا سوال ہےکہ میری بیٹی کا شوہر نہ کوئی کام کرتا تھا اور نہ ہی اسے خرچہ دیتا تھا۔ بیٹی نے کہا میں نے اس کے ساتھ نہیں رہنا، لیکن وہ طلاق نہیں دے رہا تو بیٹی نے عدالت میں علیحدگی کا مقدمہ کیا۔ وہ لڑکا کسی بھی پیشی پر عدالت میں نہیں آیا کیونکہ وہ طلاق نہیں دینا چاہتا پھر جج نے طلاق کا فیصلہ کر دیا۔ اس بات کو تین سال گزر چکے ہیں۔ ہماری بیٹی کہتی ہے کہ میری طلاق ہو گئی ہے جبکہ بہت سے لوگ یہ ہی کہتے ہے کہ ان کی طلاق نہیں ہوئی اور وہ آدمی بھی یہی کہتا ہے کہ میں نے اس کو طلاق نہیں دی تو طلاق کیسے ہو سکتی ہے؟ اس حوالے سے ہماری رہنمائی فرما دیں۔
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
میاں بیوی دونوں اکٹھے نہ رہ سکتے ہوں، تو مرد کو حق ہے کہ وہ طلاق دے کر خاتون کو علیحدہ کردے۔ اور اگر مرد طلاق نہ دینا چاہتا ہو، تو عورت خلع کا مطالبہ کرکے علیحدگی اختیار کرسکتی ہے۔
گویا علیحدگی کے لحاظ سے خلع بھی ایک قسم کی طلاق ہے، لیکن خلع اور طلاق میں کچھ فرق بھی ہیں، مثلا:
1: طلاق دینے کےفورا بعد نکاح ختم نہیں ہوتا جب تک اس کی عدت نہ گزر جائے، جبکہ خلع کا فیصلہ ہوتے ہی نکاح ختم ہو جاتا ہے۔
2: طلاق کی عدت وضع حمل یا تین حیض (مینسز) ہیں، جبکہ خلع کی عدت صرف ایک حیض ہے۔
3:طلاق کی صورت میں حق مہر عورت کا ہی رہتا ہے، جبکہ خلع کی صورت میں حق مہر عورت کو واپس کرنا پڑتا ہے۔
صورتِ مسؤلہ میں جب عدالت نے ڈگری دے دی ہے تو ان کا نکاح ختم ہوچکا ہے، خاوند طلاق دے یا نہ دے، خلع پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔
یہ عورت اگر آگے نکاح کرنا چاہے تو بھی کر سکتی ہے۔
اسی طرح اگر ان کے آپس کے مسائل حل ہوگئے ہوں اور وہ پہلے خاوند سے دوبارہ نکاح کرنا چاہے، تو تمام شرائط کو مدِ نظر رکھتے ہوئے دوبارہ نکاح بھی کیا جاسکتا ہے۔
ہماری گزارش ہے کہ کوئی بھی فیصلہ اور اقدام کرنے سے پہلے اچھی طرح سوچ سمجھ اور غور و فکر کرلینا چاہیے، تاکہ بعد میں شرمندگی نہ اٹھانی پڑے۔ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ نکاح ایک عظیم بندھن ہے، یہ کوئی مذاق نہیں کہ جب جی چاہا، نکاح کرلیا، طلا ق دے دی، یا خلع لے لیا، اور رجوع کرلیا۔ اللہ تعالی آپ لوگوں کو سلوک و اتفاق سے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ نماز ،اذکار کی پابندی کریں، اور صدقات و خیرات کا اہتمام کریں۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ