سوال (2350)
کیا جاز کیش کی طرف سے یہ 100 روپیہ ملنے والا کیش بیک استعمال کیا جا سکتا ہے؟
جواب
جاز کیش اکاؤنٹ میں اگر آپ مخصوص حد تک رقم رکھتے ہیں تو آپ کو منٹ وغیرہ ملتے ہیں، ان کا استعمال ہرگز جائز نہیں ہے، اس لیے کہ یہ سود کے زمرے میں آتے ہیں، کیونکہ کمپنی کے پاس آپ کی رقم بطور قرض ہے، کمپنی آپ کو قرض پر فائدہ دے رہی ہے، کمپنی کی طرف سے دیا گیا فائدہ حاصل کرنا سود ہونے کی وجہ سے ناجائز ہے۔
سیدنا ابوبردہ بن ابی موسی تابعی کہتے ہیں کہ جب میں مدینہ میں آیا اور حضرت عبداللہ بن سلام صحابی سے ملا تو انہوں نے فرمایا کہ تم ایک ایسی سر زمین پر ہو جہاں سود کا بہت رواج ہے لہذا اگر کسی پر تمہارا حق ہو (یعنی کوئی تمہارا قرضدار ہو) اور وہ تمہیں بھوسے کا ایک گھڑا یا جو کی ایک گٹھڑی یا گھاس کا ایک گٹھا بھی تحفہ کے طور پر دے تو تم اسے قبول نہ کرنا کیونکہ وہ سود کا حکم رکھتا ہے۔ [صحیح البخاری: 3814]
احتیاط کا تقاضہ ہے جاز کیش والی سم کال وغیرہ کیلیے استعمال نہ کی اسے صرف جاز کیش کیلیے ہی استعمال کیا جائے۔
فضیلۃ العالم عبدالرحیم حفظہ اللہ
سائل:
جب جاز کیش یا ایزی پیسہ انسٹالیشن کرتے ہیں تو 100 روپے سب سے پہلے ملتے ہیں
اس کا کیا حکم ہے ؟ اسی طرح jazz world /jazz smart plus پر روزانہ mbs ملتے ہیں ان کے استعمال کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب:
اس طرح کی کوئی بھی کمپنی اکاؤنٹ میں مخصوص رقم رکھنے کی شرط پر مفت منٹ، میسج یا انٹرنیٹ ایم بی وغیرہ کی شکل میں فائدہ دیتی ہیں تو وہ قرض پر سود ہے، ان کا استعمال جائز نہیں ہے۔
لیکن اگر اکاونٹ کھولنے پر کچھ رقم کمپنی کی طرف سے دی جاتی ہے تو یہ کمپنی والوں کی طرف سے ہدیہ شمار ہوگا۔ لہذا اس کا استعمال جائز ہے، اس میں کوئی شرعی قباحت معلوم نہیں ہوتی۔
فضیلۃ العالم عبدالرحیم حفظہ اللہ