سوال
اگر کدو کو کاٹتے ہوئے ڈنڈی پہلے کاٹ دیں تو کدو مکروہ ہو جاتاہے یا بیل سے اتارتے ہوئے ڈنڈی کدو سے ٹوٹ جائے تو وہ ناپسند کیا جاتا ہے، کیا ایسی کوئی حدیث ہے؟
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
ہمارے ہاں کچھ باتیں خواتین کی تراشی ہوئی مشہور ہیں، شریعت میں ان باتوں کا کوئی وجود اور ثبوت نہیں ہوتا۔ ان باتوں میں سے ایک بات یہ بھی ہے کہ بیل سےکدو اتارتے ہوئے ڈنڈی نہیں ٹوٹنی چاہیے یا کدو کو کاٹتے ہوئے اگر ڈنڈی ٹوٹ جائے تو کدو مکروہ ہو جاتا ہے، یہ بات بالکل غلط ہے۔
کدو ایک بہترین سبزی ہے، اسکو گوشت میں ملا کر پکائیں تو یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا پسندیدہ سالن ہے۔ جیسا کہ سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
“إِنَّ خَيَّاطًا دَعَا رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِطَعَامٍ صَنَعَهُ ، قَالَ أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ : فَذَهَبْتُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَى ذَلِكَ الطَّعَامِ ، فَقَرَّبَ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خُبْزًا وَمَرَقًا فِيهِ دُبَّاءٌ وَقَدِيدٌ ، فَرَأَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَتَتَبَّعُ الدُّبَّاءَ مِنْ حَوَالَيِ الْقَصْعَةِ، قَالَ: فَلَمْ أَزَلْ أُحِبُّ الدُّبَّاءَ مِنْ يَوْمِئِذٍ”.[صحیح البخاری:2092]
’’ایک درزی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کھانے پر بلایا۔ انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے کہا میں بھی اس دعوت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ گیا۔ اس درزی نے روٹی اور شوربا جس میں کدو اور بھنا ہوا گوشت تھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے پیش کر دیا۔ میں نے دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کدو کے ٹکڑے پیالے میں تلاش کر رہے تھے۔ اسی دن سے میں بھی برابر کدو کو پسند کرتا ہوں‘‘۔
کدو ایک حلال سبزی ہے ،خواہ اسے ڈنڈی کیساتھ توڑا جائے یا ڈنڈی کے بغیر توڑا جائے۔
باقی کدو کو توڑتے اور اس کو کاٹتے ہوئے سہولت کو دیکھ لیا جائے، جس طرح بھی سہولت اور آسانی ہو اس طرح کر لیا جائے۔
لہذا کدو چاہے ڈنڈی کیساتھ توڑا یا کاٹا جائے یا ڈنڈی کے بغیر کدو ہر حال میں حلال ہے، اور اس کے متعلق سوال میں ذکر کردہ بات کا شریعت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ