سوال (4490)

کاہن کسے کہتے ہیں؟ اور جو آج کل لوگوں کا حساب لگا کر بتاتے ہیں کہ تم کو یہ جادو یا جنات کا مسئلہ ہے، کیا یہ بھی کاہن ہوں گے یا نھیں؟ اور کہانت کرنے والا کیسا ہوگا؟

جواب

کاہن، عراف اور نجومی تقریبا ایک دوسرے کے مترادف ہیں، یا تو یہ جھوٹ بولتے ہیں، یا تو ان کے پاس شیاطین کا آنا جانا ہوتا ہے، جن کو موکل بھی کہا جاتا ہے، ان کے ذریعے سے اوٹ پٹانگ باتیں کر جاتے ہیں، کبھی کبھی اللہ تعالیٰ کی مشیت و ارادہ آزمائش کے تحت صحیح بھی ہوجاتا ہے، لیکن ان کے پاس جانا منع ہے، جانے والے کی چالیس دن تک نماز قبول نہیں ہوتی، جو ان پر یقین رکھتا ہے، وہ دین اسلام کے ساتھ کفر کرتا ہے، یہ کاہن، عراف اور نجومی ملتے جلتے ہیں، ایسا شخص بدترین گمراہ ہے، اس سے بڑھ کر کوئی حرکت ہے تو کفر میں واقع ہو سکتا ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

سائل: لیکن جو کہتے ہیں کہ ہم قرآن پاک کی آیات کے ساتھ حساب لگاتے ہیں، مریض کا نام اور اسکی والدہ کے نام کے ساتھ حساب لگاتے ہیں، کیا وہ بھی کاہن یا نجومی ہی ہے؟ ہاں وہ کہتے ہیں ہم روحانی علاج کرتے ہیں۔ ان کا حکم کیا ہے۔
جواب: اسلام نے ایسا کوئی علم نہیں بنایا، ہمارے نزدیک یہ لوگ کھیلتے ہیں، باقی ٹائیٹیل اسلام کا رکھا ہے، جیسا کہ بینک والوں نے اسلامک بینکنگ کا ٹائٹل رکھا ہے، اگر یہ علم الاعداد نکالتے ہیں تو اس کی مذمت کی گئی ہے، دین اسلام سے علم الاعداد کا کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ