سوال (2390)

ایک آدمی فوت ہوا، ورثاء میں تین بہنیں اور پانچ بھائی چھوڑ گیا اور ترکہ میں 30 لاکھ چھوڑ گیا طریقہ تقسیم کیا ہوگا؟

جواب

فوت ہونے والا وہ شخص جس کا آباء و اولاد میں سے کوئی رشتہ دار نہ ہو تو اسے عربی زبان میں کلالہ کہتے ہیں۔ (معجم الوسیط: مادہ: ک ل ل)
کلالہ کے ورثاء میں اگر بہن بھائی ملے جلے ہوں تو ایک بھائی کو دو بہنوں کے برابر دیا جائے گا۔ (نساء: 176)
چنانچہ مال کو حسب ذیل طریقہ سے تقسیم کریں گے:
میت کی ہر ایک بہن کے لیے دو لاکھ تیس ہزار سات سو انہتر (230769) روپے ہیں۔ اس لحاظ سے تین بہنوں کے چھ لاکھ بانوے ہزار تین سو سات (692307) روپے بن جائیں گے۔
ہر بھائی کے لیے چار لاکھ اکسٹھ ہزار پانچ سو اڑتیس (461538) روپے ہیں۔ اس لحاظ سے پانچ بھائیوں کے تیئیس لاکھ سات ہزار چھ سو نوے (2307690) روپے بن جائیں گے۔
یہ ٹوٹل 2999997 روپے تقسیم ہو گئے ہیں یعنی تیس لاکھ میں سے تین روپے کم۔
باقی تین روپے بچے ہیں ان کے متعلق یہ احباب آپس میں سمجھوتہ کر لیں۔

فضیلۃ العالم محمد فہد محمدی حفظہ اللہ

مدرس : دارالحدیث المحمدیہ جلالپور پیر والا ضلع ملتان