سوال (888)

ہمارے ناقص علم کے مطابق کالی مہندی لگانا جائز نہیں ہے، لیکن کیا کالی اور لال مہندی مکس کرکے لگا سکتے ہیں؟ اس بارے میں رہنمائی فرمائیں۔

جواب

جی ہاں ملا کر لگا سکتے ہیں، حناء، کتم اور وسم کا ذکر آتا ہے، حناء مہندی کو بولتے ہیں، جس کا کلر واضح ہے، کتم سیاہ ہوتا ہے، یہ اور بات ہے کہ جب ملائیں گے تو سیاہ غالب آجائے گا، یہ جائز ہے، اس پر شاید شیخ عبدالسلام بھٹوی رحمہ اللہ کا ویڈیو کلپ بھی ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

کالا بھی لگا سکتے ہیں الا یہ کہ کالا خضاب یا مہندی لگانے سے مقصود دھوکہ دینا نہ ہو، مسلم کی روایت میں کالے رنگ کے حوالے سے جو زیادت وارد ہے وہ شاذ ہے اور دوسری معروف روایت کہ کالا خضاب استعمال کرنے والا جنت کی خوشبو نہیں پائے گا ضعیف ہے،
عبدالکریم بن ابی المخارق کی وجہ سے ضعیف ہے، دوسرا اس حدیث کے معنی میں بھی اختلاف ہے، علماء نے کہا کہ اصل وعید ان اعمال پر ہے جو اس حدیث میں وارد ہوئے نہ کہ کالے رنگ سے رنگنے پر، وہ تو ان لوگوں کی علامت کا بیان ہے۔ واللہ اعلم

فضیلۃ الباحث اسامہ شوکت حفظہ اللہ

سوال: کیا سیاہ خضاب لگانا  صحیح ہے؟

جواب: یہ راجح ہے جو اس رسالہ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کوئی 12 سال سے زیادہ عرصہ پہلے ماہنامہ السنہ میں مولانا امن پوری صاحب نے سیاہ خضاب کے جواز پر ایک مضمون لکھا تھا جسے پڑھ کر حیرانی ہوئی تھی پھر اسی مسئلہ پر میری حافظ ندیم ظہیر صاحب سے فون پر بات ہوئی تو میں نے ان کی تائید کی پھر انہوں نے اس مضمون کے اوپر اپنا ایک جاندار مضمون پیش کیا جو ماہنامہ الحدیث میں چھپا تھا،اسی طرح ایک مختصر مضمون مولانا حافظ بلال اشرف صاحب کا ہے جو دوماہی مجلہ نور الحدیث میں چھپا تھا،ایسے ہی ہمارے فاضل دوست مولانا فاروق رفیع صاحب کی کتاب داڑھی اور خضاب بھی لائق مطالعہ ہے۔

فضیلۃ العالم ابو انس طیبی حفظہ اللہ