سوال (4955)
معزز علماء کرام ایک خواب کی تعبیر مطلوب ہے، ایک بزرگ نے خواب دیکھا کہ وہ اپنی فوت شدہ والدہ کے پاس گھر میں بیٹھے ہیں کہ اچانک اپنے گھر کی ساتھ والے چھوٹے بھائی کے گھر کی اور ایک اس کے ساتھ والے گھر کی سامنے کی طرف گلی والی دیواریں گر گئی ہیں اسی طرح گلی کے دوسری طرف والے گھروں کی بھی سامنے کی دیواریں گر گئی ہیں،
ان کا ایک بھائی دیوار کے نیچے آ جاتا ہے اور چیختا ہے، جسے بڑی مشکل سے نکالتے ہیں اس کے دونوں ہاتھوں پر چہرے اور سر پر شدید چوٹیں ہیں، ان کی بہن کہتی اسے تو میں نے بچایا ہے۔ 1122 پر کال کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن نمبر نہیں مل رہا پھر دوسرا بھائی کوشش کرتا ہے اور اسی دوران آنکھ کھل جاتی ہے،
ملاحظات: والدہ کو فوت ہوئے سات آٹھ سال ہو چکے ہیں، خواب دیکھنے والے بھائی اور بہن کی رہائش ایک ہی مکان میں اوپر نیچے ہے اور دونوں گھروں میں اختلافات بھی موجود ہیں، جو بھائی دیوار کے نیچے آیا وہ کہیں اور رہتا ہے لیکن اِس بھائی کے ساتھ بہت لگاؤ رکھتا ہے، جس بھائی نے بعد میں ریسکیو کو کال کرنے کی کوشش کی وہ بھی کہیں اور رہتا ہے اور ان کے ساتھ بھی گھریلو اختلافات موجود ہیں۔
جواب
اتحاد و اتفاق کی کوشش کریں نہیں تو معاملات بڑھیں گے اور گھر کے معاملات کا محلے میں چرچا ہوگا، جسے جگ ہنسائی کہتے ہیں، گھروں کی سامنے کی دیواریں پردہ رکھتی ہیں ایسا نہ ہو کہ دیواریں گر جائیں یعنی اختلافات بالکل عیاں ہوجائیں۔واللہ اعلم
فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ