سوال (4300)

ایک خواب کی تعبیر معلوم کرنی ہے آج مجھے فجر کے وقت میں خوب آیا ہے کہ مجھے خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ کی زیارت ہوئی ہے، انہوں نے مجھے کہا کہ میں اللہ کا رسول ہوں، میرے اوپر جادو ہوا ہے، مجھے دم کرو میں نے سورة اخلاص اور فلق، الناس تین تین مرتبہ پڑھ کر آپ کو دم کیا ہے، آپ بالکل ٹھیک ہوگئے ہیں اور کہا کہ جادو کا اثر بلکل ختم ہو گیا ہے، لیکن خواب میں آپ کو پہچان نہیں پایا کہ خواب میں واقعی اللہ کے رسول تھے کہ نہیں یا کوئی اور تھا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث بھی موجود ہے کہ شیطان میری شکل اختیار نہیں کر سکتا ہے۔

جواب

ممکن ہے اس طرح ہو کہ ایک شخص کو جس سے محبت ہوتی ہے، اس کی طرف رجحان ہوتا ہے، پھر وہی چیز اس کو خواب میں محسوس ہوتی ہے، باقی سورۃ اخلاص، سورۃ فلق اور سورۃ الناس پڑھنا تو دلائل کی رو سے ثابت ہے، خواب میں توجہ رکھنے کے بجائے اس عمل پر توجہ دیں۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

سوال: اگر کوئی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھے، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل و صورت ویسی نہ ہو، جیسے ہمیں روایات اور سیرت کی کتب میں ملتی ہے لیکن خواب میں تصور یہی ہو کے میں آپ کے ساتھ گھوم رہا ہوں تو اس کی کیا تعبیر ہو سکتی ہے؟

جواب: حقیقت میں اس نے خواب میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو نہیں دیکھا لیکن یہ خواب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت سے محبت کی علامت ہے۔ واللہ اعلم

فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ

سوال: کیا ہم خواب میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کر سکتے ہیں؟ ہم نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو نہیں دیکھا تو کیسے پتہ چلے گا کہ خواب میں وہ نبی کریم ﷺ ہی ہیں۔

جواب: جی ہاں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھ سکتے ہیں، لیکن یہ دیکھا جائے کہ خواب دیکھنے والا کا عقیدہ و عمل کیسا ہے، اس کے بعد جو دیکھا ہے، اس کو کتاب و سنت پر پرکھا جائے گا، پھر فیصلہ کیا جائے گا ، کیونکہ آج کل دعوے بڑھ رہے ہیں، جس مکتبہ فکر والے دیکھتے ہیں، پھر وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم مکتبہ فکر کے اعتبار سے ہمارے مثل ہیں۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

سوال: آج کے دور میں ہر کوئی آسانی سے بول دیتا ہے کہ اسے خواب میں نبی کریم ﷺ کی زیارت ہوئی اگر انکار کرے تو جواب ملتا ہے آپ گستاخ ہو فلاں فلاں آخر ان جھوٹے پروپیگنڈے کا رد کیسے کرے۔

جواب: خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت ہوسکتی ہے یہ تو ثابت ہے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ، ‏‏‏‏‏‏حَدَّثَنَا اللَّيْثُ، ‏‏‏‏‏‏حَدَّثَنِي ابْنُ الْهَادِ، ‏‏‏‏‏‏عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ خَبَّابٍ، ‏‏‏‏‏‏عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ، ‏‏‏‏‏‏*سَمِعَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ:‏‏‏‏ مَنْ رَآنِي فَقَدْ رَأَى الْحَقَّ، ‏‏‏‏‏‏فَإِنَّ الشَّيْطَانَ لَا يَتَكَوَّنُنِي. [صحیح البخاری: 6997]

ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے بیان کیا، انہوں نے نبی کریم  ﷺ  کو یہ فرماتے سنا کہ جس نے مجھے دیکھا اس نے حق دیکھا کیونکہ شیطان مجھ جیسا نہیں بن سکتا۔

لیکن آج کے دور میں کوئی یقینی دعوی نہیں کر سکتا کہ خواب میں جو آئے وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی تھے۔ ممکن ہے شیطان کسی اور کی شکل لے کر یہ کہ دے کہ میں محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہوں۔ کسی بھی غیر صحابی کے پاس سو فیصد یقینی دعویٰ کرنے کی کوئی دلیل ہوہی نہیں سکتی کہ اس نے خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی کو دیکھا۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

فضیلۃ الباحث ابو زرعہ احمد بن احتشام حفظہ اللہ