سوال (2108)
ایک حدیث کا حوالہ بمع تخریج درکار ہے کہ کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی حدیث ہے، اس طرح سے جس کا خلاصہ یہ ہو کہ میری امت میں ایک وقت ایسا بھی آئے گا کہ لوگ پتھروں پر دانہ پھینکیں گے، تو سبزه اگ جائے گا، شیر کے پاس سے گزریں گے، لیکن وہ کچھ نہیں کہے گا، سانپ کو روند کر لوگ جائیں گے، لیکن وہ سانپ ڈسے گا نہیں،
صحابی نے پوچھا ایسا وقت کب آئے گا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب ایک دوسرے سے حسد و بغض نہ ہو گا۔
جواب
تلاش کے باجود مجھے ایسی کوئی روایت نہیں مل سکی ہے، البتہ ایک روایت ملتی ہے لیکن اس کا مفہوم مختلف ہے۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: روح اللہ عیسیٰ ابن مریم علیھما السلام تم میں اترنے والے ہیں۔ تم جب ان کو دیکھو تو پہچان لو، ان کا قد درمیانہ، رنگ سرخی مائل سفید ہو گا۔ ان کے اوپر ہلکے زرد رنگ کے رنگے ہوئے دو کپڑے ہوں گے۔ ان کے سر سے قطرے ٹپکتے ہوں گے، اگرچہ ان کو تری نہ پہنچے گی۔ وہ صلیب کو توڑیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، ٹیکس معاف کر دیں گے ، لوگوں کو اسلام کی طرف بلائیں گے، اللہ تعالیٰ ان کے زمانے میں مسیح دجال کو ہلاک کرے گا، روئے زمین پر امن کا دور دورہ ہو گا حتیٰ کہ شیر اور اونٹ ایک جگہ چریں گے، چیتا گایوں کے ساتھ اور بھیڑیا بکریوں کے ہمراہ چرے گا۔ بچے سانپوں کے ساتھ کھیلیں گے پھر بھی سانپ ان کو کچھ نہ کہیں گے ۔ آپ چالیس سال قیام کریں گے۔ پھر آپ کا وصال ہو جائے گا اور مسلمان ان کا جنازہ پڑھیں گے۔
حدیث صحیح الاسناد ہے، لیکن امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ اور امام مسلم رحمۃ اللہ علیہ نے اسے نقل نہیں کیا ہے۔
[مستدرک حاکم حدیث : 4163]
فضیلۃ الباحث کامران الہیٰ ظہیر حفظہ اللہ