سوال           (288)

کیا غسل جنابت میں سر کا مسح شامل ہے ؟

جواب

 غسل جنابت دو طرح جائز ہے۔

صفة مجزئة:  یہ ہے کہ سارے جسم پر پانی بہا لیا جائے تو جنابت رفع ہو جائے گی ۔

صفة كمال:مسنون یہ ہے کہ غسل سے پہلے پورا وضو کیا جائے جس میں مسح بھی شامل ہے ۔

فضیلۃ الباحث داؤد اسماعیل حفظہ اللہ   

غسل جنابت میں پہلے نماز والا وضوء ہے لہذا اس میں سر کا مسح شامل ہے ۔

فضیلۃ الباحث کامران الہیٰ ظہیر حفظہ اللہ  

حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے غسل جنابت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ آپ نے اس طرح وضو کیا جس طرح نماز کے لیے وضو کرتے تھے۔ [صحیح البخاری : 249]

اس حدیث کے عموم کا تقاضا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  غسل جنابت کے دوران وضو کرتے ہوئے سر کا مسح بھی کرتے تھے البتہ پاؤں کے متعلق صراحت ہے کہ آپ فراغت کے بعد دوسری جگہ ہٹ کر وہاں پاؤں دھوتے تھے۔ [صحیح البخاری : 257]

البتہ امام نسائی رحمۃ اللہ علیہ  نے اپنی سنن میں ایک عنوان بایں الفاظ قائم کیا ہے۔”غسل جنابت میں وضو کرتے وقت مسح ترک کرنا”۔

پھر انھوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ایک حدیث بیان کی ہے جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کے غسل جنابت کا بیان ہے۔ اس حدیث میں صراحت سے بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  نے سر کا مسح نہیں کیا بلکہ سارے جسم پر پانی بہالیا۔ [سنن النسائی : 422]

اس حدیث میں وضاحت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  غسل جنابت کرتے وقت جو وضو کرتے تھے اس میں مسح نہیں کرتے تھے۔محدثین کرام نے ان احادیث میں تطبیق کی دوصورتیں کی ہیں۔

1 : پہلی حدیث کے عموم سےسر کے مسح کو خاص کر لیا جائے گا اس کا مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  غسل جنابت میں نماز جیسا وضو کرتے البتہ اس میں سر کا مسح نہیں کرتے تھے، اس کے بجائے سر پر پانی بہالیتے۔

2 : بیان جواز کے لیے کبھی غسل جنابت میں وضو کرتے ہوئے مسح کر لیتے اور بعض اوقات اسے ترک بھی کر دیتے۔ [سنن نسائی مع التعلیقات السلفیہ ج : 1 ص : 46]

ہمارے رجحان کے مطابق پہلی توجیہ میں زیادہ وزن معلوم ہوتا ہے کیونکہ جب سرکو دھونا ہے تو مسح کرنے کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔پھر راوی نے اس کی صراحت بھی کردی ہے۔ جیسا کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ  کی روایت سنن نسائی کے حوالے سے بیان ہو چکی ہے۔ (واللہ اعلم)

[فتاویٰ اصحاب الحدیث جلد : 3 ، صفحہ نمبر : 63]