سوال (5445)
کیا جادو کے متبادل کوئی نوری یا نورانی علم موجود ہے جو جادو جیسے نتائج دیتا ہو؟ سوال کا پس منظر یہ ہے کہ ایک بابا جی جو کہ حافظ قرآن بھی تھے ان کے بارے میں ان کے اعزا و اقربا کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس نوری علم تھا، مانا جاتا ہے کہ بابا جی دوسروں کو اپنے علم کے زور سے اپنا مطیع بھی کر لیا کرتے تھے۔ کسی کھانے کی چیز پر آیات پڑھ کر دم کرتے اور دوسروں کو اپنا مطیع کر لیتے (یہ بات مشہور ہے حقیقت اللہ تعالیٰ ہی جانتے ہیں) تو کیا ایسی صفات والا کوئی نورانی علم موجود ہے؟ کیا قرآن پاک کی کچھ آیات ایسی صفات رکھتی ہیں؟ اور قرآن پاک کی آیات کو ایسے مقاصد کے لیے استعمال کرنا شرعاً درست ہے؟
جواب
لوگوں کو اپنی طرف مائل کرنے کے لیے لوگ جھوٹے علوم کا دعویٰ کرتے ہیں، یہ سب باطل ہیں، حقیقت میں یہ سب نجومی اور کاہن ہوتے ہیں، اپنے ایمان کو داؤ پر رکھ کر اس طرح شعبدہ بازیاں کرتے ہیں، دین اسلام کا ایسا کوئی علم نہیں ہے، یہ قرآن و سنت کا لبادہ اڑانا چاہتے ہیں، ایسے لوگوں کے پاس نہیں جانا چاہیے، نہ ہی ان سے علاج کروانا چاہیے، نہ ان کی تصدیق کرنی چاہیے، اس حوالے سے بڑی سخت وعیدیں ہیں۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ