سوال (6354)
آج کل ہمارے معاشرے میں ایک بات بہت عام ہے کہ جہیز لینا ملعون کام ہے تو کیا یہ بات درست ہے؟
جواب
ملعون سے مراد لعنت زدہ کام، اور شریعت میں ملعون چیز وہی ہوتی ہے، جس پر کتاب وسنت میں لعنت کی گئی ہو، جہیز سے متعلق ایسی کوئی بات ہمارے علم میں نہیں ہے۔
البتہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ اسلام میں جہیز کا کوئی تصور موجود نہیں، بلکہ یہ رسم ہندوؤں سے ہمارے اسلامی معاشروں میں آئی ہے، لہذا جہیز کا مطالبہ کرنا یہ تو بالکل غلط کام ہے، البتہ اگر کوئی اپنی بہن بیٹی کو کوئی چیز دینا چاہے تو اس میں حرج نہیں ہے۔
جہیز یعنی گھریلو ساز و سامان کا بندوبست مرد کی ذمہ داری ہوتی ہے، عورت یا اس کے اہل خانہ کو اسلام نے کسی چیز کا پابند نہیں کیا۔
ہاں بہن یا بیٹی کے حصے وراثت ہوتی ہے، لیکن اس کا تعلق شادی یا نکاح کے ساتھ نہیں، بلکہ باپ یا بھائی کی وفات کے ساتھ ہے کہ جب وہ فوت ہوں تو جس طرح بقیہ ورثاء کو حصہ ملتا ہے، اسی طرح بہن بیٹی کو بھی ملتا ہے۔
فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ




