سوال (1597)

اگر کوئی شخص جمعہ کا خطبہ نا سنے ، جان بوجھ کر لیٹ ہو جائے ، آخر میں نماز میں یا دوسرے خطبہ میں شامل ہو تو اس کا جمعہ ادا ہوجائے گا یا نماز ظہر ہوگی ؟

جواب

ہمارے ہاں لوگوں کی اکثریت ایسی ہے ، جو جمعہ کی نماز کے لیے آخر میں پہنچتے ہیں یا نماز کے ساتھ آ کر شامل ہو جاتے ہیں ان کا یہ طریقہ بالکل صحیح نہیں ہے ، بلکہ وہ ایک بہت بڑے اجر و ثواب سے محروم ہو جاتے ہیں ، باقی رہا مسئلہ جمعہ کی نماز کا تو اس کی جمعہ کی نماز ادا ہو جائے گی اس کی دلیل ۔

“من أدرك ركعة من الصلوة فقد أدرك الصلوة” [متفق عليه]

“جو ایک رکعت پا لے اس نے نماز پا لی”
دوسری حدیث جو صحیح مسلم میں ہے۔

“من أدرك ركعة من الصلوة مع الإمام فقد أدرك الصلوة”

«جو امام کے ساتھ ایک رکعت پا لے اس نے نماز پا لی»
باقی عوام الناس کو جمعہ کی اہمیت و فضیلت سے متعارف کروایا جائے تاکہ وہ اس کی اہمیت کو سمجھ سکیں ۔
ھذا ما عندي والله اعلم بالصواب

فضیلۃ الباحث امتیاز احمد حفظہ اللہ