سوال (1343)

کچھ دن پہلے گروپ میں کرسی پر نماز پڑھنے کے حوالے سے علماء کرام کی طرف سے یہ موقف سامنے آیا تھا کہ کرسی پر نماز پڑھنا صحیح نہیں ہے۔ (اگر میرے سمجھنے میں غلطی ہے تو وضاحت فرما دیں) اس کی روشنی میں ایک مسئلہ کی وضاحت مطلوب تھی کہ ہماری مسجد میں ایک بزرگ ہیں جو کرسی پر بیٹھ کر ہی نماز ادا کر سکتے ہیں۔ زمین پر بیٹھنا ان کے لیے ممکن نہیں ہے۔ (کچھ وجوہات کی بنا پر) تو اب کیا احادیث کی روشنی میں اگر آدمی بیٹھ کر نماز ادا نہ کر سکتا ہو تو لیٹ کر نماز ادا کرے گا۔ تو کیا وہ اب لیٹ کر نماز ادا کریں گے؟ اور کیا وہ لیٹ کر نماز مسجد میں ادا کریں گے یا پھر گھر میں ہی؟ اور آج تک کسی کو مسجد میں لیٹ کر نماز ادا کرتے نہیں دیکھا تو اگر وہ مسجد میں لیٹ کر نماز ادا کریں گے تو اس کا طریقہ کار کیا ہو گا؟

جواب

بامر مجبوری ممرض شخص کرسی پر نماز پڑھ سکتا ہے، بس اس کو عام روٹین میں چھوٹی موٹی مرض کی بنیاد پر عادات نہیں بنا لینا چاہیے، باقی اگر وہ شخص گھر ہی میں ہے اور اتنا بیمار ہے کہ اٹھ نہیں سکتا تو یقینا وہ لیٹ کر ہی نماز پڑھے گا، لیکن اگر وہ چل کر مسجد آگیا ہے اور اب وہ زمین پر بیٹھ کر نماز نہیں پڑھ سکتا کیونکہ بیماری اس نوعیت کی ہے تو اس صورتحال میں کرسی کا جواز ہے۔ واللہ اعلم

فضیلۃ الباحث کامران الہیٰ ظہیر حفظہ اللہ

سائل: مطلب یہ ہوا کہ کرسی پر نماز ادا کرنا صحیح ہے، لیکن اجازت صرف اس کو ہے جو زمین پر بیٹھ کر نماز ادا نہیں کر سکتا۔
ایک اور سوال تھا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایک شخص کو دیکھا تھا جو رکوع اور سجود بھی کھڑے ہو کر اشارے سے ادا کر رہے تھے، تو کیا اگر کوئی شخص کھڑا تو ہو سکتا ہے یا ایک شخص ایک جگہ پر مستقل بیٹھ سکتا ہے کرسی پر یا زمین پر لیکن جھکنے میں اس کو مسئلہ تو کیا وہ کھڑا ہو کر نماز ادا کرے اور رکوع سجود اشارے سے کرے یا پھر بیٹھ کر نماز ادا کرے۔ مطلب کہ اس کے لیے زیادہ بہتر کیا ہے؟
جواب: اس کے لیے تو پھر بیٹھ کر نماز ادا کرنا زیادہ بہتر ہوسکتا ہے کہ اس سے وہ رکوع سجود کی حالتوں کے زیادہ قریب ہوجائے گا، یعنی رکوع کے وقت گھٹنوں پہ ہاتھ رکھ لے گا اور سجدہ کے وقت زمین پر، تشہد میں بھی رانوں پہ کھڑا رہا تو قیام کر سکے گا باقی سب چھوٹ جائے گا۔ واللہ اعلم

فضیلۃ الباحث حافظ اشرف شاہین حفظہ اللہ

سوال: کرسی پہ نماز ادا کرنا شرعی لحاظ سے کیسا ہے؟

جواب: کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

آج کل یہ مساجد میں معمول بنتا جارہا ہے. اصلاح کی ضرورت ہے.

اگر کوئی شخص کھڑے ہو کر نماز نہیں پڑھ سکتا تو  بیٹھ کر پڑھنے کا جواز ہے اگر بیٹھ کر نہیں پڑھ سکتا تو لیٹ کر پڑھ لے۔[بخاری: 1117]

بیٹھنے کی دو صورتیں ہیں ایک ہے کہ زمین پر بیٹھ کر پڑھ لے۔ یہی راجح ہے۔ لیکن اگر کسی کے گھٹنوں میں تکلیف ہے یا کوئی ایسا عذر ہے کہ وہ زمین پر بیٹھ کر نہیں پڑھ سکتا تو اس صورت میں لیٹ کر پڑھنے سے بہتر ہے کہ وہ کرسی پر بیٹھ کر ہی پڑھ لے۔ یہ عذر کی صورت ہے۔ جواز کا انکار نہیں کیا جاسکتا۔

لیکن یہ عمل غلط ہوگا کہ کھڑے ہو کر پڑھنے سے قاصر شخص زمین پر بیٹھ کر پڑھنے کی طاقت رکھتا ہے لیکن پھر بھی وہ کرسی پر بیٹھے تو یہ غلط عمل ہے۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

فضیلۃ الباحث ابو زرعہ احمد بن احتشام حفظہ اللہ