سوال (2048)

ایک شخص کا کہنا ہے کہ درخت کی پیوندکاری اللہ رب العزت کی تخلیق کو بگاڑنا ہے کیا پیوندکاری منع ہے؟

جواب

یہ شخص اس بات کا محتاج ہے کہ راسخین فی العلم کی خدمت میں حاضر ہو کر ابتداء سے علم حاصل کرنا شروع کرے اور اپنے اجتہادات سے امت کو معاف رکھے۔ ایسے مجتہدین دین کے بگاڑ کا سبب بنتے ہیں۔ خود بھی گم راہ اور دوسروں کو بھی گم راہ کرتے ہیں۔
اسے یاد کرائیں کہ عہد رسالت میں صحابہ کرام کھجوروں کی پیوند کاری کرتے تھے۔ اللہ کے رسول نے تو اس سے منع نہیں فرمایا تھا۔
نیز تخلیق کو بگاڑنے سے ممانعت کا تعلق جان داروں اور ذوی الارواح سے ہے۔

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

جو لوگ قرآن مجید سے خود ساختہ استدلال کرتے ہیں، وہ لوگ احادیث کے منکر ہوتے ہیں، جو شخص احادیث کا منکر ہو، اس کے ساتھ مناقشہ پیوندکاری، وجود عیسیٰ علیہ السلام، خروج الدجال اور ظہور امام مہدی پر نہیں ہوگا ، بلکہ اس کے ساتھ مناقشہ حجیت حدیث پر ہونا چاہیے، اگر ہم اس کو حجیت حدیث منوا لیتے ہیں، تو تمام مسائل آسان ہو جائیں گے، کیونکہ حدیث قرآن کی تشریح و تفصیل ہے، اگر ہم اس کو حجیت حدیث نہیں منوا سکتے ہیں تو بات ختم ہو جائے گی۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ