سوال
میرا سسرال لاہور میں ہے، جبکہ میری رہائش راولپنڈی میں ہے۔ لاہور میں میرا ایک ذاتی گھر بھی ہے جو کرایہ پر دیا ہوا ہے۔ میں اکثر ۲-۳ دن کے لیے لاہور اپنے بھائی کے گھر جاتی ہوں۔ ایسی صورت میں میری نماز قصر ہوگی یا پوری پڑھوں گی؟ رہنمائی فرمائیں۔
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
جب آپ کی مستقل رہائش راولپنڈی میں ہے تو آپ کی اقامت راولپنڈی میں ہی شمار کی جائے گی۔ لاہور میں چاہے آپ اپنے سسرال میں ٹھہریں یا اپنے ذاتی کرایہ پر دیے گئے گھر میں قیام کریں، ان دونوں میں سے کوئی بھی جگہ آپ کی اقامت گاہ شمار نہیں ہوگی، بلکہ آپ مسافر ہی شمار ہوں گی۔
نبی کریم ﷺ جب سفر میں ہوتے تو چار رکعت والی نمازوں کو قصر کر کے دو رکعت پڑھتے۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
“صَحِبْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَكَانَ لَا يَزِيدُ فِي السَّفَرِ عَلَى رَكْعَتَيْنِ ، وَأَبَا بَكْرٍ، وَعُمَرَ، وَعُثْمَانَ كَذَلِكَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ”. [صحیح البخاری: 1102]
’’میں رسول اللہ ﷺ کی صحبت میں رہا ہوں ، آپ ﷺ سفر میں دو رکعت ( فرض ) سے زیادہ نہیں پڑھا کرتے تھے ۔ ابوبکر ، عمر اور عثمان رضی اللہ عنہم بھی ایسا ہی کرتے تھے‘‘۔
شرعی طور پر دو طرح کے وطن ہوتے ہیں:
1.وطنِ اصلی: جہاں انسان مستقل رہائش رکھتا ہے، اور وہاں سے جانے کے بعد بھی اگر واپس آئے تو مسافر نہیں ہوتا۔
2. وطنِ اقامت: اور دوسرا وہ جگہ جہاں کوئی شخص کم از کم چار دن یا اس سے زیادہ قیام کرنے کا ارادہ کرے تو وہ جمہور اہل علم کے نزدیک وہاں مقیم شمار ہوگا۔
آپ کے سوال کے مطابق لاہور نہ آپ کا وطنِ اصلی ہے اور نہ ہی وطنِ اقامت، کیونکہ آپ وہاں عارضی طور پر قیام کرتی ہیں اور آپ کا مستقل گھر راولپنڈی میں ہے۔ اس لیے آپ وہاں مسافر شمار ہوں گی۔
لہذا اگر آپ کا لاہور میں قیام چار دن سے کم ہو تو آپ قصر نماز پڑھیں گی۔
اور اگر آپ کا ارادہ چار دن یا اس سے زیادہ قیام کرنے کا ہو تو پہلے ہی دن سے پوری نماز پڑھنا ہوگی۔
اس لیے آپ جب بھی لاہور جائیں اور آپ کا قیام چار دن سے کم ہو تو آپ مسافر شمار ہوں گی اور نماز قصر کریں گی۔ اگر قیام چار دن یا اس سے زیادہ ہو تو پھر پہلے ہی دن سے پوری نماز ادا کریں گی۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ