سوال (3713)

میں ایک عرصے سے کسی کی محبت میں گرفتار ہوں اور محبت بھی ایسی کہ جو لا حاصل ہے، اس لڑکی کا نکاح ہو چکا ہے 3 سال پہلے، لیکن میں آج تک اسکو بھولا نہیں سکا ہوں اور کوشش بھی بہت کرتا ہوں مگر یہ سب میرے لیے ناممکن ہو رہا ہے، پہلے میں نماز روزے کا بہت اہتمام کرتا تھا اور راتوں کو اٹھ کر میں نے اسے دعاؤں میں بھی مانگا ہے، لیکن شاید ہمارا ملنا صرف چند سالوں کا تھا۔
اب حالات ایسے ہیں کہ نہ تو میں نمازیں مکمل ادا کر سکتا ہوں نہ ہی پہلے جیسی عبادت کرتا ہوں، میں دل دل میں بہت غمگین بھی ہوتا ہوں کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے میرے ساتھ مہربانی فرما کر مجھے کوئی حل بتائیں۔
کافی دفعہ گھر والوں نے میرا رشتہ بھی کرنا چاہا لیکن مجھے اس کے سوا کوئی بھی لڑکی پسند ہی نہیں آتی، اگر میں سوچ لوں کہ فلاں لڑکی میرے لے بہتر ہے تو کچھ دنوں بعد ہی پتہ نہیں کیا ہوتا ہے کہ مجھے اس لڑکی سے نفرت ہو نے جاتی ہے۔
میں اس چیز کی وجہ سے بہت پریشان ہوں نہ تو میں اسے بہول پا رہا ہوں نہ ہی کسی کو اپنا پا رہا ہوں آپ مجھے کوئی ایسا حل بتائیں کہ میں پہلے جیسا ہوجاوں۔

جواب

ہمارے اس بھائی کو نصیحت ہے، کہ بہت سارے کام چھوٹ جاتے ہی، ایسے میں اس بھائی کے گھر والے اور دوست اس کے ساتھ تعاون کریں، اس کو طہارت، وضوء اور نمازوں کی پابندی کروانی چاہیے، اس کے علاؤہ رقیہ کرلیں، کتاب و سنت کے راقی سے دم کروائیں۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

سب سے پہلے یہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ آپ کو یہ شعور آگیا ہے کہ میں غلط ہوں، دوسری بات یہ ہے کہ اپنے آپ کو خود نصیحت کریں، ہم اپنے ساتھ بات کریں ، یہ شیطان کا حملہ ہے، اپنے ساتھ بات کریں کہ میں ایک لاحاصل محبت کے پیچھے کیوں بھاگ رہا ہوں، تیسری بات یہ ہے کہ نیکی کی طرف طبیعت کو کھینچ کر لانا پڑتا ہے، برائی کی طرف طبیعت خود جاتی ہے، آپ کا اس وقت یہ حال ہے کہ آپ کا دل ٹوٹا ہوا ہے، آپ اس وقت مایوس ہیں، اس لیے جب تک آپ اپنی حالت خود تبدیل نہ کریں گے تو کچھ بھی نہیں ہوگا، اس کے لیے بہترین طریقہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق جوڑیں، نماز اور ذکر و اذکار پر اپنے آپ کو مجبور کریں۔
یہ چار اذکار کریں۔
(1) : دورود شریف پڑھیں۔
(2) : استغفر الله
(3) : لا حول و لا قوة الا بالله
(4) : رب يسر لي و لا تعسر علي و تمم بالخير
یہ اذکار چلتے پھرتے کریں، ان کے لیے کوئی وقت نہیں ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ

(1) : آپ کا تقدیر پر کامل یقین و ایمان ہونا چاہیے۔
(2) : وہ لڑکی کبھی آپ کے لئے خیر کا باعث نہیں بن سکتی ہے اس لئے اسے بھول جائیں.
(3) : فورا دین و ایمان اور نیک سیرت لڑکی کا رشتہ اپنے بڑوں کے ذریعے تلاش کریں اور اس سے نکاح کر کے اپنا گھر بسائیں۔
وہی آپ کو حقیقی پیار دے سکتی اور آپ بھی اسی سے حقیقی محبت کریں گے اور یہ تمام صورتحال رفتہ، رفتہ ختم ہو جائے گی۔
(4) : رب العالمین کی محبت کو سب محبتوں پر غالب رکھیں۔
(5) : تعوذ کثرت سے پڑھیں اور اسی طرح یہ دعا

“يا مقلب القلوب ثبت قلبي على دينك”

کو دل کی توجہ کے ساتھ کثرت کے سے پڑھیں۔
باقی نصیحتیں شیخ عبدالرزاق گھمن صاحب کر چکے ہیں۔

فضیلۃ العالم ابو انس طیبی حفظہ اللہ