سوال (1378)

کیا دوسرے ملکوں سے بیت اللہ کی طرف پیدل سفر کیا جا سکتا ہے ؟

جواب

جی جائز ہے ، جبکہ آدمی اس سے زیادہ آسان پر قادر نہ ہو ، میں بعض اہل یمن کو جانتا ہوں جو آج کل کے حالات میں بھی پیدل یمن سے مکہ آئے اور پیدل ہی یمن واپس گئے۔ لیکن تکلفات کہ جہت سے ایسا جائز نہیں کہ ایک آدمی کے پاس سواری یا آسان سفر کرنے کا سامان ہو اور وہ نیکی سمجھتے ہوئے پیدل سفر کرے ظاہری بات ہے اس میں خاصی مشقت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کوجب دو چیزوں میں اختیار دیا جاتا تو آسان کو منتخب فرماتے ، مشقت بنفسہ مطلوب نہیں نہ ہی تکلفا مشقت والے کام سے (نیکی کے اضافے کی نیت سے) اجر میں اضافہ ہوتا ہے ، بلکہ جب مشقت اپنی اصل پر لاحق ہو جائے تو بے شک اجر میں اضافہ ہوتا ہے ۔
جب آدمی کو گرم پانی ٹھنڈے موسم میں میسر ہو تو نیکی یہی ہے کہ اس سے وضو کیا جائے ایسی صورت میں زیادہ اجر کے لیے ٹھنڈے پانی کا استعمال زیادہ اجر کا باعث نہیں بلکہ بعض صورتوں میں مقاصد شریعت سے مکمل طور پر خارج ہے۔
جبکہ عدم دستیابی کی صورت میں ٹھنڈے موسم کے باوجود ٹھنڈے پانی سے شریعت کے مطابق مکمل وضو کی ادائیگی زیادت اجر کا باعث ہے ان شاءاللہ
واللہ اعلم باالصواب۔

فضیلۃ الباحث اسامہ شوکت حفظہ اللہ

ہمارے نزدیک یہ جہالت ہے اور دوسرا اس میں ریاکاری ہے ، باقی دلوں کے احوال اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے ، اب وسائل موجود ہونے کے باوجود اپنے آپ کو جان بوجھ کر مشقت میں ڈالنا کوئی اچھی بات نہیں ہے ، اللہ رب العالمین نے سہولیات دی ہیں تو ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔

فضیلۃ الباحث امتیاز احمد حفظہ اللہ