سوال (1584)

کیا اسلام میں نحوست کا تصور پایا جاتا ہے ؟ جیسا کہ حدیث میں آیا ہے کہ نحوست تین چیزوں میں پائی جاتی ہے؟

جواب

نبی کریم صلی اللہ علیہ نے یہ نہیں فرمایا کہ ان چیزوں میں نحوست ہوتی ہے ، بلکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ اگر نحوست ہوتی تو ان میں ہوتی۔ سیدنا عبداللہ بن عمر کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

“الشُّؤْمُ فِي الْمَرْأَةِ وَالدَّارِ وَالْفَرَسِ” [ صحيح البخاري: 5093]

«عورت، گھر اور گھوڑے میں نحوست ہوتی ہے۔»
دوسری روایت کے الفاظ ہیں:

“إِنْ كَانَ الشُّؤْمُ فِي شَيْءٍ فَفِي الدَّارِ وَالْمَرْأَةِ وَالْفَرَسِ” [ صحيح البخاري: 5094]

سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

“إِنْ يَكُ فِي شَيْءٍ فَفِي الرَّبْعَةِ وَالْمَرْأَةِ وَالْفَرَسِ”. [سنن النسائي: 3600]

«اگر نحوست کسی شے میں ہے تو مکان ، عورت اور گھوڑے میں ہے»
جیسے قرآن کا بعض، بعض کی تفسیر کرتا ہے، ایسے ہی احادیث ایک دوسرے کی تفسیر کرتی ہیں۔
لہذا اس موضوع پر تمام احادیث‌کو یکجا کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ درست عقیدہ یہی ہے کہ نحوست کسی چیز میں نہیں ہوتی ہے ۔

فضیلۃ العالم عبدالرحیم حفظہ اللہ

میرا ذاتی تجربہ ہے کہ میں ایک بس میں بیٹھ کر امام بخاری یونیورسٹی پڑھانے جاتا تھا ، ایک دن میری بات بس کے ڈرائیور سے ہوئی ، تو انہوں نے بتایا کہ کافی پریشانیاں ہیں ، تو میں نے ان کو یہ مشورہ دیا کہ گاڑی چینج کریں، دوبارہ جب اس ڈرائیور سے بات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ اب ماشاء اللہ کافی اچھی مزدوری ہے ۔ اسی طرح گھر اور مکانات کا معاملہ بھی ہے ، چار بھائی جوائنٹ فیملی میں ساتھ رہ رہے ہوتے ہیں ، ان کے اچھے معاملات چلتے ہیں ، جب پانچواں بھائی شادی کرتا ہے ، اس بہو کے آنے کی وجہ سے دن بدن گھر میں جگھڑے ہوتے ہیں ، تو بہرحال ہم نے جہاں تک مشاہدہ کیا ہے کہ ان چیزوں میں نحوست ہے ۔

فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ