سوال (1424)

کیا جنات کو ان کی اصلی شکل میں دیکھنا کسی انسان کے لیے ممکن ہے ؟

جواب

عام حالات میں کوئی انسان کسی جن کو از خود نہیں دیکھ سکتا۔ البتہ جب کوئی جن خود کسی انسان کے سامنے آجائے تو اس کی رؤیت ممکن ہے۔ وہ بسا اوقات کسی بھی صورت میں متشکل ہو کر انسانوں کے سامنے آجاتے ہیں۔

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

ارشادِ باری تعالیٰ ہے :

“اِنَّهٗ يَرٰٮكُمۡ هُوَ وَقَبِيۡلُهٗ مِنۡ حَيۡثُ لَا تَرَوۡنَهُمۡ‌ ؕ اِنَّا جَعَلۡنَا الشَّيٰطِيۡنَ اَوۡلِيَآءَ لِلَّذِيۡنَ لَا يُؤۡمِنُوۡنَ” [سورة الاعراف : 27]

«بے شک وہ اور اس کا قبیلہ تمھیں وہاں سے دیکھتے ہیں جہاں سے تم انھیں نہیں دیکھتے۔ بے شک ہم نے شیطانوں کو ان لوگوں کے دوست بنایا ہے جو ایمان نہیں رکھتے»
اس آیت سے اہل علم نے یہ بات ثابت کی ہے کہ جنات اور شیاطین کو ان کی اصلی حالت میں نہیں دیکھا جاسکتا ہے ، وہ جب بھی آپ کے سامنے ہونگے تو کوئی دوسری صورت میں ہونگے ، یہ بات دلائل کی رو سے صحیح ہے ، غالبا حافظ ابن حزم رحمہ اللہ نے سختی بھی کی ہے ، جو اصلی حالت میں دیکھنے کا دعویٰ کرتا ہے وہ اس آیت کی رو سے کفریہ بات کرتا ہے ، حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو شکل بدلنے کی قوۃ و طاقت دے رکھی ہے ، وہ جب بھی آتے ہیں دوسری شکل میں آتے ہیں ۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ