سوال (4141)
کیا خالو سے پردہ کرنا لازم ہے اور اسی طرح بہنوئی سے پردہ کرنے کے بارے میں کیا خیال ہے؟ بہنوئی کے بارے میں کچھ لوگوں کا یہ خیال ہے کہ نکاح میں دو بہنیں جمع نہیں ہو سکتی تو اس لیے جب تک وہ بہن زندہ ہے تو پردہ کرنا ضروری نہیں ہے، کیا یہ چیز درست ہے؟
جواب
جی ہاں، اگر کوئی اور رشتہ پردے کو اٹھانے والا نہیں ہے تو خالو سے پردہ ہوگا، بہنوئی سے پردہ ہوگا، یہ جو ہمارے ہاں معروف ہے کہ ایک بہن نکاح میں ہے تو پردہ اٹھ جائے گا، یہ زبردستی کی منطق ہے، یہ بے بنیاد منطق ہے، باقی یہ الگ بات ہے کہ پردہ ہو رہا ہے یا نہیں۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ
میں یہ کہوں گا کہ یہ زیادہ غیر محرم ہیں، کیونکہ ان سے زیادہ فتنے کا ڈر ہے، دیور سے اگر پردہ ہے تو بہنوئی سے پردہ کیوں نہیں ہے، حالانکہ دیور کا رشتہ شوہر کی طرف سے ہے، بہنوئی کا رشتہ بیوی کی طرف سے ہے، اس لیے یہ زیادہ خطرناک ہے۔
فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ