سوال (1757)

کیا لیڈیز کا نقلی وگ لگانا جائز ہے ؟

جواب

وگ لگانا ناجائز ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنت کی ہے ایسے مردوں اور عورتوں پر جو سر کے اوپر اضافی بال لگواتے ہیں ، جیسا کہ صحیح بخاری میں ہے کہ ایک مرتبہ سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ نے اپنے محافظ کے ہاتھوں سے بالوں کی لٹ پکڑی اور منبر پر چڑھ کر کہا کہ تمہارے علماء کہاں ہیں میں نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ اس سے منع کر رہے تھے ، آپ رضی اللہ عنہ نے یہ بھی کہا کہ بنو اسرائیل اسی وجہ سے ہلاک ہوئے جبکہ ان کی خواتین نے انہیں اپنایا ۔
اسی طرح سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ تعالٰی نے بال ملانے اور ملوانے ، گودنے اور گدوانے والیوں پر دونوں پر لعنت کی ہے ۔
جس کام پر الله اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی لعنت ہو وہ کیسے جائز ہو سکتا ہے ۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم

فضیلۃ الباحث امتیاز احمد حفظہ اللہ