سوال (2365)
کیا نبی بچپن سے ہی نبی ہوتا ہے؟ مطلب اسے منصب نبوت مل چکا ہوتا ہے؟ اسی سے کیا یہ کہا جا سکتا ہے کہ نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو منصب نبوت پہلے سے مل چکا تھا، 40 سال کی عمر میں آپ نے بس اعلان کیا تھا؟
جواب
بعض انبیاء کو اللہ رب العالمین نے بچپن ہی میں منصب نبوت عطا کر دیا تھا، جیسا کہ عیسی علیہ السلام اور یحیی علیہ السلام، اکثر انبیاء کرام علیہم السلام کو منصب نبوت بعد میں عطا کیا ہے، منصب نبوت عطا کرنے سے مراد اس نبی کی بعثت ہے، وگرنہ ہر وہ نبی جسے اللہ نے کچھ عمر گزر جانے کے بعد مبعوث کیا وہ اللہ کے علم میں نبی تھے، لیکن ان انبیاء کو نہیں پتہ تھا کہ انہیں منصب نبوت ملنے والا ہے۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
“مَا كُنۡتَ تَدۡرِىۡ مَا الۡكِتٰبُ وَلَا الۡاِيۡمَانُ” [سورة الشوري: 52]
«آپ نہیں جانتے تھے کہ کتاب کیا ہے اور نہ یہ کہ ایمان کیا ہے»
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ لوگوں نے پوچھا : اللہ کے رسول! نبوت آپ کے لیے کب واجب ہوئی؟ تو آپ نے فرمایا:
“آدَمُ بَيْنَ الرُّوحِ وَالْجَسَدِ”. [سنن الترمذي: 3609]
«جب آدم روح اور جسم کے درمیان تھے»
بشرط صحت حدیث اس کا معنی یہ ہے جیسا کہ بعض روایات میں واضح ہے کہ مجھے نبی لکھ دیا گیا تھا۔
فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ
سائل:
مطلب یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آپ کو پہلے سے منصب نبوت مل چکا تھا لیکن آپ نے اعلان 40 سال کی عمر میں کیا ہے، یعنی آپ کو منصب نبوت ملا ہی 40 سال کی عمر میں ہے اور کیا حضرت عیسی علیہ السلام اور حضرت یحییٰ علیہ السلام کے منصب نبوت سے عموما استدلال کیا جا سکتا ہے کہ نبی بچپن میں ہی نبی بن چکا ہوتا ہے؟
جواب:
نہیں ایسا نہیں کہا جا سکتا۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کتاب و سنت اور سلف سے اس طرح کہنا ثابت بھی نہیں ہے، باقی سیدنا عیسی علیہ السلام اور یحیی علیہ السلام کے بچپن میں ملنے والی نبوت سے عمومی استدلال نہیں کیا جا سکتا کہ ہر نبی کو بچپن میں نبوت مل جاتی ہے۔
واللہ اعلم
فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ