سوال
اگر وڈن فلور پر بچے کا پیشاب نکل جائے تو اس کو پاک کرنے کا طریقہ کار کیا ہوگا؟ اس میں جو لکڑی کی سطح ہوتی ہے وہ تو واٹر پروف کوٹنگ سے ڈھکی ہوتی ہے، لیکن لکڑیوں کے درمیان جو جریٹیں (gaps) ہوتی ہیں، ان کے اندر جذب ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ ظاہر ہے کہ پورا فرش تو ہٹایا نہیں جا سکتا، تو ایسی صورت میں اس کو کس طرح پاک کیا جائے گا؟
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
اگر وڈن فرش بالکل ہموار ہو اور اس میں پیشاب کے جذب ہونے کی صلاحیت یا سوراخ وغیرہ موجود نہ ہوں تو اس کو پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے کسی کپڑے یا مشین کے ذریعے پیشاب کو اچھی طرح خشک کر لیا جائے، پھر اس پر پانی بہا کر اچھی طرح صاف کر دیا جائے۔ اس طرح وہ جگہ پاک ہو جائے گی۔
اور اگر اس میں پیشاب جذب ہونے کا امکان ہو، جیسے لکڑیوں کے بیچ کی جریٹیں یا باریک دراڑیں ہوں، جہاں سے پیشاب جذب ہوسکتا یا نیچے اتر سکتا ہو تو اس کو پاک کرنے کے لیے وہی طریقہ اختیار کیا جائے گا جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں اختیار کیا گیا۔ ایک اعرابی نے مسجد میں پیشاب کر دیا، صحابہ کرامؓ نے اسے روکنا چاہا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
“دَعُوهُ وَهَرِيقُوا عَلَى بَوْلِهِ سَجْلًا مِنْ مَاءٍ أَوْ ذَنُوبًا مِنْ مَاءٍ”. [صحیح البخاری: 220، صحیح مسلم: 285]
’’اسے چھوڑ دو اور اس کے پیشاب پر پانی کا بھرا ہوا ڈول یا کچھ کم بھرا ہوا ڈول بہا دو‘‘۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نجاست/پیشاب اگر مٹی یا کسی ایسی سطح میں جذب ہو جائے جسے زائل کرنا ممکن نہ ہو تو اس پر اتنا پانی بہا دینا کافی ہے کہ وہ نجاست/ پیشاب کو بہا کر نیچے لے جائے اور اوپر والی سطح پاک ہوجائے۔
چنانچہ یہاں بھی یہی طریقہ ہوگا کہ اوپر کی سطح کو اچھی طرح صاف کرنے کے بعد اتنا پانی بہا دیا جائے کہ وہ دڑاڑوں میں اتر کر پیشاب کو نیچے بہا لے جائے۔ اس طریقے سے جس طرح مسجد کی زمین پانی ڈالنے سے پاک ہو گئی تھی، اسی طرح وڈن فلور کی اوپر والی سطح بھی پاک ہو جائے گی۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ