سوال (3165)

میرا ایک پرائیویٹ سکول ہے، کیا مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد میں جرمانے کے ساتھ فیس وصول کرسکتا ہوں؟ کیونکہ جرمانہ سے بچنے کے لیے لوگ بر وقت فیس ادا کرتے ہیں اور بسا اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ طلباء وقت پر فیس بھی نہیں دیتے اور جرمانہ بھی ادا نہیں کرتے اور سکول بھی چھوڑ جاتے ہیں جبکہ ادارے نے انہیں سہولیات مہیا کی ہوتی ہیں، ان طلباء کے لیے جو فیس ادا کیے بغیر بھاگ جائیں تو ان کے لیے کیا حکم ہے؟ اور کیا میں جرمانے کے ساتھ فیس وصول کرسکتا ہوں تو مجھے بتائیں کہ میں جرمانے کی مد میں اکٹھی رقم کو اپنے ذاتی مصرف یا خیراتی مصرف میں خرچ کرسکتا ہوں؟

جواب

کچھ چیزوں کا تعلق تقوی کے ساتھ ہوتا ہے، اچھے لوگ تو ان چیزوں کا خیال کرتے ہیں، لیکن وہ عمومی قاعدہ یا حکم نہیں ہوتا، ہمارے اداروں میں لیٹ فیس پر جرمانہ یہ بچوں کی اصلاح اور ادارے کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے اس کو قبول کیا گیا ہے، اس طرح ایک طالب علم چھوڑ کر چلا گیا ہے، اور وہ فیس ادا کر چکا ہے، اس کی فیس بھی ادارہ استعمال کر لیتا ہے ، اس بات کو قبول کیا گیا ہے، اگر کوئی فرد لوٹانا چاہے تو چھی بات ہے، لیکن یہ کوئی لازمی امر نہیں ہے، عرف کا لحاظ کرتے ہوئے اس کو ادارے میں ہی استعمال کرلیا جائے تو ان شاءاللہ کوئی بھی حرج والی بات نہیں ہے، بچوں کی فلاح و بہبود پہ اس کو لگا لیا جائے، ذاتی مصرف سے اجتناب کیا جائے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ