سوال (1606)
مچھر اور کیڑے مکوڑے مارنے کے لیے الیکٹرک انسیکٹ کلر استعمال کیا جاسکتا ہے ؟ وہ بلڈنگ کے دروازے میں لٹکا ہوتا ہے ۔
جواب
اسکی اکثر اہل علم اجازت دیتے ہیں، پھر ساتھ میں یہ کہتے ہیں کہ حدیث میں آتا ہے کہ جلانے کا عذاب نہیں دینا چاہیے، پھر ان سے کہا جاتا ہے کہ یہ تو جلا دیتا ہے، تو جواب دیتے ہیں کہ یہ جلاتا نہیں ہے، بلکہ بیہوش کر دیتا ہے، بلکہ اس سے مچھر پھٹ جاتا ہے۔ وہ مچھر کو جلا دیتا ہے، بہرحال ہمارے نزدیک یہ جلانے کا آلہ ہے، اس سے اجتناب کرنا چاہیے، کوئی اور طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ
یہ بات بر حق ہے کہ ہماری شریعت میں کسی بھی جاندار کو جلا کر مارنا حرام ہے۔ [بخاری: 3016]
لیکن مچھر مارنے والی مذکورہ مشین اس حکم میں داخل نہیں کیونکہ اس میں مچھر جلتے نہیں ہیں، بلکہ بجلی کے جھٹکے سے مرتے ہیں اور مچھروں کا جسم سلامت رہتا ہے جلتا نہیں ہے۔
اس لیے اس کا استعمال صحیح ہے۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب
فضیلۃ الباحث احمد بن احتشام حفظہ اللہ