سوال (167)

اگر مغرب کی نماز اور عشاء کی نماز اکھٹی پڑھی جائے تو ان کا کیا طریقہ ہو گا ۔ یعنی کے فرض پڑھنے کے بعد سنتوں کا کیا طریقہ ہوگا ؟

جواب:

نمازوں کو جمع کرنے کی اجازت سفر میں ہے ، اس میں تقدیم اور تاخیر دونوں جائز ہے ، جمع تقدیم یہ ہے کہ ظہر کے ٹائم عصر اور مغرب کے ٹائم میں عشاء کی نماز پڑھی جائے ، تاخیر یہ عصر کے ٹائم ظہر اور عشاء کے ٹائم مغرب پڑھی جائے ، اگر یہ جمع کا معاملہ سفر کے حوالے سے ہے تو سفر میں سنت مؤکدہ پڑھنا ثابت نہیں ہیں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سفر میں صرف فجر کی سنتیں اور وتر پڑھنا ثابت ہے ۔ اگر یہ معاملہ حضر کا ہے تو حضر میں سنتوں کا اہتمام کرنا چاہیے ، صحیح مسلم کی روایت سے اشارہ ملتا ہے کہ حضر میں کبھی کبھار مجبوری کی وجہ سے نمازیں جمع کی جا سکتی ہیں ۔ لیکن اس کو عادت نہ بنا لیا جائے ، صرف کبھی کبھار کی گنجائش موجود ہے ، اگر حضر میں مغرب پڑھ لی ہے تو اس کے بعد سنتیں پڑھ لیں بعد میں عشاء پڑھ لیں ۔ یہ بھی یاد رکھیں کہ سنتیں بعد میں بھی قضاء کی جا سکتی ہیں۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ