سوال       6750

کیا مرد پسند کی شادی کرسکتا ہے؟ مرد کے والدین اگر اس سے راضی نہ ہوں۔

جواب

والدین کو حکمت کے ساتھ اور افہام و تفہیم سے معاملات کو لے کر چلنا چاہیے۔ والدین کا مقام زیادہ ہے، ان کی اطاعت کرنی چاہیے۔ ممکن ہے کوئی ایسی بات ہو جو آپ نہ سمجھ پا رہے ہوں اور والدین سمجھ گئے ہوں۔ تو والدین کی نافرمانی نہیں کرنی چاہیے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

میں اس میں اضافہ کروں گا۔ بعض اوقات والدین بھی زیادتی کر جاتے ہیں اور یہ زیادتی چھوٹی سی نہیں ہوتی بلکہ زیادتی کا لفظ بہت تھوڑا ہے، میں یہاں ظلم کا لفظ استعمال کروں گا۔ شادی کرتے ہوئے انہوں نے صرف ایک چیز مدنظر رکھنا ہوتی ہے: میری بہن نہ چھوٹ جائے، میرا بھائی نہ چھوٹ جائے، ہماری رشتہ داری مزید مضبوط ہو جائے۔ ان کے ذہن میں یہ بات قطعی طور پر نہیں ہوتی کہ لڑکے کی سوچ، فکر، ذہن کیا ہے؟ مثال کے طور پر، کیا ایک باشرع شریعت کے مطابق زندگی بسر کرنے والا بچہ، اس کے ساتھ کسی فیشن ایبل اور جدید گندے بیہودہ ماحول کی دلدادہ لڑکی کی شادی ہو سکتی ہے؟ اگر ہو گی تو کیا نتائج نکلیں گے؟ تو اس پہلو کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ اس سوال کا جواب صرف ہاں یا نہ میں نہیں دیا جا سکتا، جیسے شیخ نے فرمایا ہے، اس میں تفصیلات کو دیکھا جائے گا۔ اگر والدین غلطی پر ہوں، اور ہو بھی سکتے ہیں، تو وہاں پر والدین کی اطاعت نہیں ہے۔ اگر بچہ غلطی پر ہو تو اسے سمجھایا جائے گا۔ واللہ اعلم

فضیلۃ الشیخ عبدالرزاق زاہد حفظہ اللہ