سوال (5444)

ایک مسجد کے اندرونی حال میں ایل سی ڈی لگی ہوئی ہے، جس پر ہر وقت بشمول نماز کے اوقات ڈاکومینٹری وغیرہ چلتی رہتی ہے، جس میں تصاویر اور وڈیوز بھی چل رہی ہوتی ہیں کیا اسلام میں اس کی گنجائش ہے اور اس مسجد میں نماز ادا کرنا درست ہے، ذرا مفصل اور مدلل جواب درکار ہے؟

جواب

پیارے بھائی اگر ایل سی ڈی سیکورٹی مقصد کے لئے ہے یعنی اس پہ کوئی ریکارڈنگ نہیں بلکہ لائیو چیز سیکورٹی مقصد کے لئے چل رہی ہے تو جائز ہو سکتی ہے وجہ ایک سیکورٹی مقصد بھی ہے اور دوسرا لائیو ویڈیو بھی ہے کیونکہ اکثر علما ریکارڈنگ پہ زیادہ اعتراض کرتے ہیں لائیو کو شیشے کی مثل سمجھتے ہوئے اس پہ کم اعتراض کرتے ہیں۔ البتہ اگر کوئی ریکارڈنگ چل رہی ہوتی ہے تو یہ درست نہیں ہے میری رائے میں اسکو روکنا ضروری ہے۔ واللہ اعلم
جہاں تک نماز کا تعلق تو اسکا اصول علیحدہ ہے کہ مجبوری کی حالت میں تو بدعتی امام کے پیچھے بھی نماز ادا کی جا سکتی ہے جیسا کہ امام بخاری نے بدعتی اور مفتون کے پیچھے مجبوری میں نماز پڑھنے کا باب باندھا ہے۔

فضیلۃ العالم ارشد حفظہ اللہ

ہماری اس میں رائے یہ ہے کہ نماز کے اوقات میں اس کو روکنا چاہیے، اگر سیکورٹی پیش نظر اس کو روکنا ناممکن ہو تو پھر اس کو محدود کرنا چاہیے، ڈاکومینٹری وغیرہ نہیں چلایا جائے، صرف کیمرے آن رکھے جائیں، تاکہ آنے جانے والوں نقل و حرکت نوٹ ہوتا رہے، صرف اتنی گنجائش نکل سکتی ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ