سوال (2230)
حدیث مبارکہ میں آتا ہے کہ اگر کوئی گمشدہ چیز کا اعلان مسجد میں کرے تو کہا جائے تجھے وہ چیز نہ ملے، کیا اس طرح ہر اعلان مسجد میں کیا جاسکتا ہے یا پھر اس حدیث کی روشنی میں ممنوع ہے۔
جواب
مسجدوں میں گمشدہ چیزوں کا اعلان اور ان کے بارے میں معلومات دینا جائز نہیں ہے، کیونکہ مساجد اس کام کے لیے نہیں بنائی جاتی ہیں، مساجد ذکر الہی کے لیے بنائیں جاتی ہیں۔
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: جو شخص مسجد میں کسی کو گم شدہ چیز کا اعلان کرتے ہوئے سنے تو اسے کہے: اللہ کرے تمہاری گمشدہ چیز نہ ملے، کیونکہ مساجد کو اس کام کے لئے نہیں بنایا جاتا۔
[صحیح مسلم: 568]
تاہم عوامی معاملات جس کا فائدہ مسلمانوں کو ہو، اس کا اعلان یا تنبیہ مسجد میں کرنے پر کوئی حرج نہیں ہے، مثلاً: درس، یا خطاب کا اعلان ہو اور اسی طرح فوتگی وغیرہ کا اعلان.
واللہ اعلم باالصواب
فضیلۃ العالم عبداللہ عزام حفظہ اللہ