سوال (2708)

مساجد کے ائمہ و ذمہ داران احباب سے ایک علمی مشورہ درکار ہے، مسجد میں ایک عوامی دورہ یعنی درس کروانا مقصود ہے، اس حوالے سے کن موضوعات کو ترجیح دینا ان حالات میں زیادہ مناسب رہے گا؟ “ویسے ہماری مسجد میں بالترتیب جمعہ وغیرہ میں توحید، رسالت، سیرت، اخلاقیات، اور کرنٹ افئیر پر گفتگو ہوتی ہے”۔ “اسی طرح ایک یا دو تین ماہ بعد ایک ہفتہ مسلسل کسی خاص موضوع پر آدھے گھنٹے تک کا درس بھی ہو جاتا ہے”۔
احباب اپنے قیمتی مشوروں سے نوازیے گا۔

جواب

اس سلسلے میں میرا مشورہ یہ ہے کہ آپ ایک دورہ رکھیں، اس کا نام “اسلام کا عام فہم اور تعارف” رکھیں، اس میں ایک ایک گھنٹے کا درس رکھیں گے تو یہ بیس سے زائد بن جائیں گے، اگر دروس کا ٹائم آدھا گھنٹہ ہوگا تو یہ چالیس دروس بن جائیں گے۔ درج ذیل تفصیل کرتا ہوں۔
اسلام کے لغوی معانی اور تفصیلات
اسلام کے اصطلاحی معانی اور تفصیلات
اسلام چار چیزوں کا مجموعہ ہے۔
(1) : عقائد
(2) : عبادات
(3) : معاملات
(4) : اخلاقیات
(1) : عقائد
عقائد میں دو چیزیں ہیں۔
(1) : توحید
(2) : رسالت
توحید کی تین قسمیں ہیں۔
(1) : توحید الوہیت: توحید الوہیت کو بیان کرتے ہوئے وسیلہ کی جائز و ناجائز اقسام ذکر کریں۔
(2) : توحید ربوبیت
(3) : توحید اسماء وصفات
اس طرح فرشتوں پر ایمان اور تقدیر پر ایمان کا اضافہ کردیں۔
(2) : رسالت: اس طرح رسالت کو بھی تین طرح سے تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
(3) : عبادات: عبادت کی لغوی و اصطلاحی تعریف، عبادت کی بنیادی اصول، اس طرح بدعات کا بھی ذکر کردیں۔
(3) : معاملات: معاملاات کا اصول، معاملات اور عبادات کے اصول میں فرق ذکر کریں۔
(4) : اخلاقیات: اخلاقیات میں بہت ساری چیزیں آ سکتی ہیں، جھوٹ، چغلی اور غیبت وغیرہ

فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ

شیخ محترم نے مفصل بتادیا ہے، لیکن میں اس کو مختصر کروں گاکہ ایک ایک دورہ عقائد عبادات اور معاملات کا رکھ لیں، البتہ مبلغین اور دعاۃ انتہائی وسیع المطالعہ ہوں، فی زمانہ جو اشکالات پیدا کیے جا رہے ہیں، اس حوالے سے ان کی گہری نظر ہو، پھر ان موضوعات میں وسعت ظرفی سے گفتگو کریں، ان موضوعات کو پھیلائیں، باقی ٹائم ایسا ہو کہ احباب مجلس دلچسپی سے سنیں۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

حدیث کی ضرورت و اہمیت پر ضرور گفتگو کریں۔

فضیلۃ العالم سید کلیم حسین شاہ حفظہ اللہ