سوال          (39)

شیخ صاحب نماز جنازہ کے بعد میت کے لئے دفناتے وقت یا دفنانے کے بعد کوئی دعا ہے؟

جواب

نماز جنازہ کے بعد اجتماعی دعا جو میت کے اوپر کھڑے ہوکر ہمارے معاشرے میں کی جاتی ہے یہ صحیح نہیں ہے ۔ کیونکہ اس کا ثبوت اور دلائل  نہیں ہیں ۔

میت کو قبر میں اتارنے کے وقت ایک دعا ہے ،  وہ  میت کے لیے نہیں ہے مگر ایک مسنون طریقہ ہے ۔سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنھما فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب میت کو قبر میں اتارتے تو یہ الفاظ فرماتے تھے۔

 “بسْمِ اللَّهِ، وَعَلَى سُنَّةِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ”. [سنن أبي داؤد: 3213]

ایک روایت میں یہ الفاظ بھی ہیں:

“بِاسْمِ اللَّهِ، وَعَلَى مِلَّةِ رَسُولِ اللَّهِ”. [سنن ابن ماجه: 1550]

باقی تدفین کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے دعا کرنا ثابت ہے ۔

سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں :

“كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَإِذَا فَرَغَ مِنْ دَفْنِ الْمَيِّتِ، ‏‏‏‏‏‏وَقَفَ عَلَيْهِ، ‏‏‏‏‏‏فَقَالَ:‏‏‏‏ اسْتَغْفِرُوا لِأَخِيكُمْ، ‏‏‏‏‏‏وَسَلُوا لَهُ بِالتَّثْبِيتِ، ‏‏‏‏‏‏فَإِنَّهُ الْآنَ يُسْأَلُ”.[سنن ابي داؤد : 3221]

’’نبی اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم جب میت کے دفن سے فارغ ہوتے تو وہاں کچھ دیر رکتے اور فرماتے : اپنے بھائی کی مغفرت کی دعا مانگو، اور اس کے لیے ثابت قدم رہنے کی دعا کرو، کیونکہ ابھی اس سے سوال کیا  جائے گا ‘‘۔

تدفین کے بعد اجتماعی اور انفرادی دونوں طریقے سے دعا کر سکتے ہیں ۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ