مذاہب کی علامات کا تعارف

۔☪️✝️☸️🕉️🪯⛩️۔

سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے شارٹ لسٹ کیے گئے نئے نوٹوں میں 1000 روپے کے نوٹ پر مختلف مذاہب کی علامتوں کو شامل کیا گیا جن کا مختصر تعارف پیش کیا جاتا ہے۔ مگر اس سے قبل یہ معلوم ہونا چاہیے کہ مذہبی علامت سے مراد عقائد و اعمال اور سماجی سیاق و سباق میں مقدسات کا اظہار ہوتا ہے۔

۔☪️ چاند ستارہ (اسلام): بنیادی طور پر اسلام کی کوئی مذہبی علامت نہیں ہے۔ مگر چاند ستارہ سب سے مشہور علامت ہے جو اسلام کی نمائندگی کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ چاند ستارہ کا نشان 1844 سے سلطنت عثمانیہ کے جھنڈے کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔ 19ویں صدی کے آخر میں عثمانی مساجد کی سجاوٹ میں اس کے ہر جگہ استعمال ہونے کی وجہ سے اسے بعض اسلامی تنظیموں کے نشان کے طور پر اپنایا جانے لگا، جیسے کہ 1940 میں آل انڈیا مسلم لیگ جو بعد میں پاکستان کا جھنڈا بن گیا۔

۔✝️ صلیب/ کراس (عیسائیت): کراس کی علامت دنیا میں معروف مذہبی علامتوں میں سے ایک ہے۔ عیسائی صلیب ابتدائی عیسائیت کے زمانے سے استعمال میں تھی، لیکن یہ قرون وسطیٰ کی صلیبی جنگوں میں یہ زیادہ نمایاں ہوئی ۔اپنے وسیع تر معنوں میں یہ عیسائی مذہب کی علامت ہے مگر خاص طور پر، یہ مسیح کی موت کی نمائندگی اور یادگاری کرتی ہے۔

۔☸️ دھرم وہیل/ پہیہ (بدھ مت): بدھ مت کی یہ علامت تقریبا تیسری صدی قبل مسیح سے مستعمل ہے۔ وہیل اس کہانی کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ بدھ کے نروان(نجات) حاصل کرنے کے فوراً بعد، برہما آسمان سے نیچے آئے اور مہاتما بدھ کو دھرم چکر کی پیشکش کر کے رہنمائی کرنے کی درخواست کی۔پہیے کے آٹھ خانے مہاتما بدھ کی طرف سے اپنی تعلیمات میں مقرر کیے گئے ہشت اشٹانگ مارگ (آٹھ اصول) کی علامت ہیں۔ وہیل جونی چکر، یا پنر جنم کے لامتناہی چکر کی بھی نمائندگی کرتا ہے، جس سے صرف بدھ کی تعلیمات کے ذریعے ہی بچا جا سکتا ہے۔ وہیل کا مرکز اخلاقی نظم و ضبط کی علامت ہے، جو ذہن کو مستحکم کرتا ہے۔

۔🕉️ اوم (ہندو مت): یہ لفظ تین سنسکرت حروف سے بنا ہے۔ a-u-m ، جو کئی اہم تثلیثوں کی نمائندگی کرتے ہیں: زمین کی تین جہان، تین بڑے ہندو دیوتا؛ برہما شکتی (تخلیق)، وشنو شکتی (تحفظ) اور شیوا شکتی ( تباہی)

۔🪯 کھنڈا (سکھ مت): یہ علامت تین تصویروں سے بنی ہے: دونوں اطراف میں تلوار ہے جو ایک خدا پر یقین کی علامت ہے۔ درمیان میں دائرہ خدا کی نمائندگی کرتا ہے جو بغیر کسی ابتدا یا اختتام کے ہے اور سکھوں کو خدا کی حکمرانی کے اندر رہنے کی یاد دلاتا ہے۔ دائرے کے گرد روحانی اختیار اور سیاسی طاقت کی نمائندگی کرنے والے دو کراس کرپان ہیں۔

۔⛩️ توری گیٹ (شنٹو مت): ایک روایتی جاپانی گیٹ جو عام طور پر شنٹو مزار کے داخلی دروازے پر یا اس کے اندر پایا جاتا ہے، جو علامتی طور پر ناپاکی سے تقدیس کی طرف منتقلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ محدود دنیا اور دیوتاؤں کی لامحدود دنیا کے درمیان منتقلی کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔ اس میں دو سیدھے اور دو کراس بار ہیں جو علیحدگی کی نشاندہی کرتے ہیں۔

۔✋ اہیسما ہاتھ (جین مت): ہتھیلی پر پہیے کے ساتھ مذہبی اہیسما ہاتھ ،اہنسا کی جین مت کی علامت ہے، جس کا مطلب ہے عدم تشدد۔پہیے کے درمیان میں لفظ “اہنسا” ہے۔ وہیل دھرم چکر اور جنم کے لامتناہی سلسلےکی نمائندگی کرتا ہے، جس سے سچائی کی جستجو کے ذریعے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

نوٹ کے درمیان میں چہرہ گوتم بدھ کا معلوم ہوتا ہے اور مثلث شاید عیسائیت کے عقیدہ تثلیث کی طرف اشارہ کررہی ہے۔

۔11/9/2024

عبـــــــــــــدالـرحمـــــــــن یــــــــونــــــــس

یہ بھی پڑھیں: جشنِ میلاد کے بارے میں علماءِ مذاہب اربعہ کی آراء