سوال

مشائخ ایک سوال کی وضاحت مطلوب ہے، شوہر نے بیوی کو پہلی طلاق دی ہے، اس کے بعد رجوع کر لیا تھا، دوسری دفعہ جب معاملات خراب ہوئے تو شوہر نے کہا ہے کہ میں نے “میں تمہیں طلاق” یہ کہا تھا، لیکن “دیتا ہوں” نہیں کہا تھا، کیونکہ بیوی نے شوہر کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا، جس کی وجہ سے وہ جملہ ادا نہیں کر سکا، شوہر کے بقول اسکا دوسری دفعہ بھی طلاق دینے کا ہی ارادہ تھا، اور اب تیسری طلاق بھی دے چکا ہے، سوال یہ ہے کہ آیا یہ دوسری جو طلاق ہے، وہ شمار ہوگی یا نہیں، کیا اب شوہر کو رجوع کا حق ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

پہلی طلاق دینے کے بعد دوسری طلاق دیتے وقت شوہر نے (میں تمہیں طلاق) کے الفاظ کہے لیکن (دیتا ہوں)  نہیں کہا تھا۔ سیاق و سباق تو یہی چاہتا ہے کہ یہ بھی طلاق ہی شمار کی جائے۔ کیونکہ یہ اس سے پہلے بھی طلاق دے کر رجوع کر چکا ہے، اس کے بعد بھی اس نے طلاق دی ہے اور شوہر کے بقول دوسری مرتبہ بھی اسکا طلاق دینے کا ارادہ تھا، اس لیے درمیان والی طلاق کو بھی طلاق ہی شمار کیا جائے گا۔

لہذا اب شریعت کی طرف سےتین طلاقوں کا جو اختیار تھا، اس نے تینوں اختیارات کو استعمال کر لیا ہے، انکی تینوں طلاقیں واقع ہوچکی ہیں، اس لیے اب شوہر کو رجوع کا حق نہیں ہے۔

اگر آخرى ( يعنى تيسرى ) طلاق ہو جائے تو پھر عدت ختم ہونے کا انتظار کیے بغیر، وہ عورت مرد كے ليے حرام ہو جاتى ہے، اور رجوع کی کوئی صورت نہیں ہوتی۔ الا كہ اس  سےکوئی دوسرا شخص  گھر بسانے کی نیت سے شرعى نكاح كرے، اور پھر  وہ شخص فوت ہوجائے، یا پھر ویسے طلاق دے دے، تو ایسی صورت میں عدت گزرنے کے بعد پہلا مرد اس عورت سے نکاح کرسکتا ہے۔

اللہ سبحانہ و تعالى كا فرمان ہے:

“فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ”. [البقرة: 230]

اور اگر وہ اسے ( تيسرى ) طلاق دے دے، تو وہ اس كے بعد اس كے ليے اس وقت تک حلال نہيں ہو گى جب تک كہ وہ كسى دوسرے شخص سے نكاح نہ كر لے۔

ایسے معاملات میں انسان کو جذبات میں آکر جلد بازی میں کوئی قدم اٹھانے کی بجائے بریک پر پاؤں رکھ کر چلنا چاہیے، تاکہ بعد میں ایسی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ