سوال (4423)
مَحْمَدْ نام رکھنا کیسا ہے اور اس کا معنی کیا ہے؟
جواب
معنی تو حمد و تعریف کا ہی ہے، بس اس کو محل حمد کہہ سکتے ہیں، لیکن صحیح ایک لفظ موجود ہے تو اس کو بگاڑنے کی کیا ضرورت ہے، محمد ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام موجود ہے، اس کو بگاڑ کر رکھنے کی کیا ضرورت ہے، اس حوالے سے لوگوں کی اصلاح ہونی چاہیے۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ
سائل: شیخ محترم کیا ایسی کوئی روایت ہے جس میں یہ ہو جس نے میرے نام کی نسبت سے نام رکھا اس کو جنت میں داخل کیا جائے گا۔
جواب: موضوع اور ضعیف روایات موجود ہیں۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ
سوال: ایک شخص کا نام عبداللہ ہے، کیا وہ اپنے بیٹے کا نام محمد رکھ سکتا ہے؟
جواب: جی ہاں محمد نام رکھ سکتے ہیں۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ
محمد نام رکھنے میں کوئی حرج نہیں ہے ، امت میں بے شمار لوگوں نے اپنے بچوں کا یہ نام رکھا ہے۔ آپ کا یہ تذبذب کہ والد کا نام عبداللہ ہے تو محمد بن عبداللہ سے مماثلت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہو جائے گی تو اس میں کوئی مسئلہ نہیں نہ ہی شرعاً کوئی قباحت یا ممانعت ہے۔
میرے استاد محترم ہیں جنوبی پنجاب کی عظیم شخصیت ان کا نام بھی محمد بن عبداللہ ہے*حافظ الحدیث فضیلۃ الشَیخ محمد بن عبداللہ شجاع بادی حفظہ اللہ تعالیٰ آف ملتان۔
آپ محمد بن عبداللہ نام رکھیں اور بیٹے کو دین کا خادم شریعت کا عالم اور حدیث کا حافظ بنانے کا ارادہ کریں ان شاء اللہ خیر و برکت کا باعث ہو گا۔
فضیلۃ الباحث طارق رشید وہاڑی حفظہ اللہ
سائل: اور شیخ صاحب حفظہ اللہ کی ایک سند مسلسل بھی ہے بالمحمدین۔
جواب: جی الحمدللہ وہ بھی میرے پاس ہے۔
2009ء میں شَیخ محترم حج کی سعادت کے لیے تشریف لے گئے تھے وہاں انہیں سند مسلسل بالمحمدین ملی تھی اور 2010ء میں مجھے ان کے پاس بخاری شریف اور تفسیر بیضاوی پڑھنے کی سعادت حاصل ہوئی اور انہوں نے روایۃ الاجازۃ کے ساتھ سند مسلسل بالمحمدین اور سند عالی بھی عنایت کی تھی۔
شَیخ محترم محمد بن عبداللہ شجاع بادی پاکستان کے ان چند بزرگ شیوخ میں سے ہیں جن کے پاس سند عالی موجود ہے۔
فضیلۃ الباحث طارق رشید وہاڑی حفظہ اللہ