سوال (5725)
مساجد میں اور اسی طرح بعض عجمی مصاحف میں جہاں اللہ کے 99 نام لکھے ہوتے ہیں وہیں کوشش کرکے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بھی 99 نام پورے کرنے کی سعی کی جاتی ہے اس معاملے میں رہنمائی درکار ہے؟
جواب
یہ محض تکلف ہے، بلکہ بعض علمائے کرام اس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ رب العالمین کے برابر قرار دینے کے شبہ کی وجہ سے بھی ان چیزوں کو ناپسند کرتے ہیں، بعض جگہوں پر ایک طرف اللہ اور دوسری طرف محمد لکھا ہوتا ہے، یہ بھی اسی قبیل سے ہے.
ویسے اللہ رب العالمین کے محض 99 نام نہیں ہیں، اس سے زیادہ ہیں، البتہ کم از کم 99 یاد کرنے کی خاص فضیلت ضرور ہے۔
فضیلۃ العالم خضر حیات حفظہ اللہ
سائل: اس حوالہ سے اگر بالتفصیل مطالعہ کرنا ہو تو کہاں سے کریں رہنمائی فرمادیں؟
جواب: اللہ تعالیٰ کی اسماء و صفات پر تو کتابیں ہیں، شیخ العرب والعجم سید بدیع الدین راشدی رحمہ اللہ کی کتاب ہے، شیخ سلیمان منصورپوری رحمہ اللہ کی کتاب ہے، غالباً شیخ عبد الرزاق البدر کی بھی کتاب ہے، قواعد المثلی شیخ ابن عثیمین کی ہے، باقی آپ سیرت کی کتاب رحمۃ للعالمین میں شاید یہ بحث مل جائے، خصائص الکبری اور الشفاء قاضی عیاض کی دیکھ لیں، شمائل ترمذی دیکھ لیں۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ




