سوال (365)

ناخن کاٹنے کا سنت طریقہ کیا ہے؟ سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہے، جس میں انگلیوں کے ناخن کاٹنے کی خاص ترتیب بتائی گئی ہے، اس کی کیا حقیقت ہے؟

جواب

ناخن کاٹنا مسنون اور فطری تقاضا ہے، اسی طرح دائیں طرف سے ناخن تراشنے کی ابتدا کرنا یہ بھی مسنون ہے کیونکہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہر معاملہ میں دائیں طرف کو پسند کرتے تھے.
اس کے علاوہ جو خاص ترتیب یا طریقے ذکر کیے جاتے ہیں، اس سلسلے میں کوئی حدیث ثابت نہیں ہے۔ لہذا یہ محض تکلف ہے اور اسے مستحب یا مسنون کہنے کی کوئی دلیل نہیں ہے۔
امام عراقی رحمه الله فرماتے ہیں:

“لم يثبت في كيفية تقليم الأظفار حديث يعمل به”. [“طرح التثريب:2/77]

’ناخن تراشنے کی کیفیت سے متعلق کوئی قابل عمل حدیث ثابت نہیں ہے’۔
بلکہ ابن دقیق العید رحمہ اللہ اس قسم کے طریقوں اور کیفیات سے متعلق فرماتے ہیں:

“كل ذلك لا أصل له ، وإحداث استحباب لا دليل عليه ، وهو قبيح عندي بالعالم”. [فتح الباري لابن حجر:10/345]

ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے، اور اس قسم کے طریقوں کو مسنون یا مستحب کہنا، بلا دلیل ہے، اور عالم کے لیے ایسی بات کرنا مناسب نہیں ہے

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ