سوال (2225)

نماز فجر کے بعد سنتیں ادا کی جا سکتی ہیں؟

جواب

اگر کسی آدمی کی فجر کی سنتیں کسی سبب کی بنا ء پر فوت ہو جائیں یعنی وہ انہیں وقت پر ادا نہ کر سکے تو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد پڑھ سکتا ہے۔
سیدنا قیس بن عمرو بن سہل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نکلے اور جماعت کے لیے اقامت کہہ دی گئی، تو میں نے آپ کے ساتھ فجر پڑھی، پھر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پلٹے تو مجھے دیکھا کہ میں صلاۃ پڑھنے جا رہا ہوں، تو آپ نے فرمایا: قیس ذرا ٹھہرو، کیا دو صلاتیں ایک ساتھ پڑھنے جارہے ہو؟ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میں نے فجر کی دونوں سنتیں نہیں پڑھی تھیں۔ آپ نے فرمایا: تب کوئی حرج نہیں۔ [سنن ترمذی: 422]
معلوم ہوا کہ فجر کی دو سنتیں رہ جائیں تو بعد میں پڑھی جا سکتی ہیں، اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔

فضیلۃ العالم عبدالرحیم حفظہ اللہ