سوال (3216)
علمائے کرام سے ایک سوال ہے کہ نمازِ جنازہ میں تکبیرات اگر امام بھول جائے تو اس کا کیا حل ہوگا اور دوسری بات یہ کہ اگر کوئی مقتدی لیٹ آئے، دوسری یا تیسری تکبیر میں ملے تو اسکا کیا حل ہوگا؟
جواب
نماز جنازہ کی تکبیرات بمنزلہ ارکان ہیں۔ ان کو چھوڑ دینے سے یا بھول جانے سے نماز جنازہ باطل ہو جاتی ہے۔ ایسی صورت میں نماز جنازہ دوبارہ ادا کرنی چاہیے۔
سوال کے دوسرے حصے کے حوالے سے عرض ہے کہ سنت یہی ہے کہ ایسا شخص ان فوت شدہ تکبیرات کی قضا دے اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
(إذا أقيمت الصلاة فامشوا إليها وعليكم السكينة والوقار فما أدركتم فصلوا وما فاتكم فاقضوا).
یہ حکم عام ہونے کی وجہ سے نماز جنازہ کو بھی شامل ہے۔ اب اس شخص کو چاہیے کہ وہ جب نماز جنازہ میں شامل ہو تو امام کی اتباع میں تکبیرات کہہ کر نماز مکمل کرے۔ امام جب نماز سے فارغ ہو جائے تو یہ شخص اپنی بقیہ تکبیرات پوری کرلے اور سلام پھیر دے۔
والله تعالى أعلم والرد إليه أسلم.
فضیلۃ الباحث ابو دحیم محمد رضوان ناصر حفظہ اللہ
سوال: اگر امام یا مقتدی نماز جنازہ میں بھول جائے اور تیسری تکبیر پر سلام پھیر دے تو کیا کرنا ہوگا؟
جواب: تکبیرات جنازہ فرض ہیں، اگر چھوٹ گئی ہیں یا جان پوجھ کر چھوڑ دی گئی ہو تو نماز دہرانی ہوگی، ایک ایک تکبیر بھول گئی ہے تو وہ تکبیر پوری کرکے سلام پھیرے گا، اگر سلام پھیرنے کے بعد یاد آیا ہے، تو دوبارہ نیت باندھ کر تکبیر کہہ کر ہاتھ باندھ لے گا، اگر زیادہ لیٹ ہوگیا ہے تو دوبارہ نماز جنازہ ادا کرے گا۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ