نماز اسلام کا دوسرا عظیم رکن
نماز اسلام کا دوسرا عظیم رکن اور دین کاستون ہے جوکہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ نماز کی ادائیگی اور اس کی اہمیت اور فضلیت اس قد ر اہم ہے کہ سفر و حضر اور بیماری میں بھی نماز ادا کرنا ضروری ہے۔ اس کی اہمیت کے پیش نظر اہل علم نے مختلف انداز میں اس موضوع پر کتب تالیف کی ہیں۔ نماز کی ادائیگی کا طریقہ جاننا ہر مسلمان مرد وزن کےلیے ازحد ضروری ہے کیونکہ اللہ عزوجل کے ہاں وہی نماز قابل قبول ہوگی جو رسول اللہ ﷺ کے طریقے کے مطابق ادا کی جائے گی۔ اسی لیے آپ ﷺ نے فرمایا: “صلوا كما رأيتموني اصلي”نماز اس طرح پڑھو جیسے مجھے پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو۔ لہذا ہر مسلمان کےلیے رسول للہ ﷺ کے طریقۂ نماز کو جاننا بہت ضروری ہے۔
مستند نماز نبوی اور مسنون دعاؤں کے نام سے پاکٹ سائز کے 96 صفحات پر مشتمل کتابچہ آپ کے ہاتھ میں ہے۔
فاضل مؤلف مناظر اسلام مولانا حافظ بلال اشرف اعظمی حفظہ اللہ باصلاحیت، با ذوق، وسیع المطالعہ علمی شخصیت ہیں۔مرکز سراج اہلحدیث بورے والا میں شیخ الحدیث کے منصب پر فائز ہیں۔ تصنیف و تالیف کا عمدہ ذوق رکھتے ہیں ان کے تحقیقی مضامین مختلف جرائد اور سوشل میڈیا کی زینت بنتے رہتے ہیں۔ اس سے قبل “صحیح منتخب واقعات” اور “سلف صالحین کے زریں اقوال” کے نام سے دو خوبصورت کتابیں ترتیب دے چکے ہیں۔
موصوف کے والد گرامی مولانا مفتی محمد اشرف رحمۃ اللہ علیہ علمی حلقوں میں ایک نمایاں مقام پیدا کر کے اللہ کی جنتوں کے مہمان بن چکے ہیں اور دادا محترم فضیلۃ الشیخ مولانا محمد ادریس ظفر حفظہ اللہ علمی دنیا میں کسی تعارف کے محتاج نہیں۔
زیر نظر کتاب میں مسجد میں داخل ہونے اور نکلنے کی دعا، وضو، غسل اور نماز کا مسنون طریقہ، نمازوں کی فرض اور سنت رکعات کی تفصیل، نماز کے بعد کے اذکار، نماز وتر، نماز استخارہ، نماز تسبیح اور نماز جنازہ کا طریقہ اور دیگر ضمنی مسائل جامعیت اور اختصار کو ملحوظ رکھتے ہوئے نہایت خوبصورتی سے بیان کیے گئے ہیں۔
آخر میں چند خاص موقعوں کی دعائیں بھی ذکر کر دی ہیں۔اگر اس کتاب کے آخر میں صبح و شام کے مسنون اذکار کا بھی اضافہ کر دیا جائے تو زیادہ مفید ہوگا۔
احادیث کے صحت و ضعف کیلئے علامہ حافظ زبیر علی زئی اور علامہ ناصر الدین البانی رحمہما اللّٰہ کی تحقیق کو معیار بنایا گیا ہے۔
اگر آپ نماز کے موضوع پر آسان، عام فہم، مختصر، جامع اور باحوالہ کتاب کے متلاشی ہیں تو اس کا مطالعہ کریں ہر گھر میں اس کا موجود ہونا بہت مفید ہوگا۔
اللہ تعالی حافظ صاحب کے زور قلم و بیان میں برکتوں کا نزول فرمائے۔ اور انکی اس کاوش کو شرفِ قبولیت سے نوازے آمین ثم آمین۔
دعاگو: عبدالرحمٰن سعیدی
(نوٹ: کتاب کے حصول کیلئے مؤلف محترم حافظ صاحب سے اس نمبر پر صرف WhatsApp پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ کال نہ کریں شکریہ۔ 03016583347