سوال (1906)

اگر آفس ٹائم میں آفس کا کوئی کام نہ ہو اور فری بیٹھے ہوں تو کیا اپنا ذاتی کام کر سکتے ہیں یا سوشل میڈیا دیکھ سکتے ہیں؟ اسی طرح اپنے ذاتی استعمال کے لیے آفس کا سسٹم یا وائی فائل استعمال کرنا، ویڈیوز وغیرہ ڈاؤن لوڈ کرنا جائز ہے؟

جواب

ان سب چیزوں کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کا اپنے آفس والوں کے ساتھ کیا معاہدہ ہے؟
عموما تو یہی ہوتا ہے کہ آفس ٹائم میں آفس کا کام ہی کرنا ہے، اسی طرح آفس کی چیزوں کو آفس کے لیے فائدے کے لیے ہی استعمال کرنا ہے نہ کہ اپنے ذاتی فائدے اور اغراض و مقاصد کے لیے۔
لہذا ایسی صورت میں آفس کے اوقات میں اپنے ذاتی کام کرنا، یا سوشل میڈیا وغیرہ دیکھنا جائز نہیں کیونکہ یہ اس معاہدے اور ایگریمنٹ کی خلاف ورزی ہے جو ہر ملازم کا اپنے مالکان اور ذمہ داران کے ساتھ ہوتا ہے۔
ان مسائل کی روک تھام کے لیے آج کل نت نئے ٹولز متعارف کروائے جا رہے ہیں جو عام طور پر ملازمین کی نگرانی وغیرہ کے لیے بھی استعمال ہوتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب تک انسان اخلاقی اور تربیتی لحاظ سے مضبوط نہ ہو، مختلف قسم کی پابندیاں اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں!
ہاں اگر آفس کی طرف سے اجازت ہو یا آپ کی طرف سے وضاحت ہو کہ آپ آفس کام کے دوران یا آفس ٹائم ختم ہونے کے بعد آفس کا ساز و سامان استعمال کر کے کچھ غیر متعلقہ یا پرسنل ایکٹیوٹیز بھی سر انجام دیں گے، تو ایسی صورت میں کوئی حرج نہیں ہے۔

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ