سوال (795)

کیا پہلے تشہد میں درود شریف پڑھا جائے گا ؟ دلیل کے ساتھ واضح فرمائیں ؟

جواب

مستحب ہے ، کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم سے جب سوال ہوا تو آپ نے علی الإطلاق جواب دیا اور یہ نہیں فرمایا کہ یہ صرف آخری تشہد میں ہی پڑھنا ہے ۔ باقی واللہ اعلم

فضیلۃ الباحث حافظ عبد اللطیف حفظہ اللہ

شیخ یہ تو مجمل بات ہے. جب سیدنا عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے تشہد سکھایا تو صرف دوسرے تشہد میں درود پڑھنے کا ذکر ہے پہلے میں نہیں۔

فضیلۃ الباحث واجد اقبال حفظہ اللہ

اس لیے بھی کہ اللہ تعالیٰ نے جیسے صلاۃ کا حکم دیا ہے ، ایسے ہی تسلیم کا بھی حکم دیا ہے تو جیسے ہی تسلیم نبی صلی اللہ علیہ و سلم پر مشروع ہے ، ایسے ہی صلاۃ بھی مشروع ہے ، دوسری بات یہ ہے کہ پہلے تشہد میں نبی صلی اللہ علیہ و سلم کا ذکر خیر مستحب ہے تو ذکر خیر کو کامل کرنے کے لیے نبی صلی اللہ علیہ و سلم پر صلاۃ بھی مستحب ہے۔

فضیلۃ الباحث حافظ عبد اللطیف حفظہ اللہ

شیخ یہ قیاس ہے جبکہ سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کی حدیث میں طریقہ سکھایا گیا ہے۔

فضیلۃ الباحث واجد اقبال حفظہ اللہ

عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے فقط آخری تشہد کا تذکرہ فرمایا اور طریقہ بتلایا ہے
اور رہا تشہد اول تو اس کی تو بات ہی نہیں ہوئی ہے اور نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے علی الإطلاق بیان کیا ہے ، تو نبی صلی اللہ علیہ و سلم کا مطلق فرمان دونوں قسم کے تشہد پر صادق آتا ہے۔

فضیلۃ الباحث عبد اللطیف حفظہ اللہ