سوال

مجھے پیشاب کے قطروں کا عارضہ ہے۔ہر وقت نہیں ہوتا لیکن جب میں بیٹھ کے اٹھو ں ، ہنسی یا کھانسی آئے اس وقت مجھے پیشاب کے قطرے آ جاتے ہیں۔پیشاب کرنے کے بعد اچھی طرح صاف کر لینے کے بعد بھی جب آ کر بیٹھوں تو مجھے قطرےمحسوس ہوتے ہیں۔ ہم حرم جاتے ہیں، میں  چاہتی ہوں کہ عصر کی نماز  پڑھ کر وہیں رہوں اور پھر عشاءپڑھ کے واپس آؤں ، لیکن مجھے ہر نماز میں دوبارہ وضو کرنا پڑے گا یا میرے لیے کوئی اور حکم ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

چند ایک بیماریاں اور عوارض ہیں جن کا ایک ہی حکم ہے:

  1. وہ عورت جس کو استحاضہ کی بیماری ہو یعنی اس کا مسلسل خون جاری رہے۔
  2. دوسرا وہ مرد یا عورت جس کو پیشاب کے قطرے آتے رہتے ہو ں،اس کو سلسل البول کی بیماری کہتے ہیں۔اور تیسری وہ عورت ہے جس کو رطوبت کا پانی جاری رہے، جسے لیکوریا وغیرہ کہتے ہیں ۔
  3. چوتھا وہ مرد یا عورت جس کی ہوا خارج ہوتی رہے۔

ان سب کا ایک ہی حکم ہےکہ ایک مرتبہ وضو کرکے وہ ایک نماز اوراسکی جو سنتیں اور نوافل ہیں وہ  ادا کرسکتے ہیں، جیسا کہ نبی کریم ﷺ نے فاطمہ بنت ابی حبیش  رضی اللہ عنہا سے کہا تھا کہ جب  حیض کا  خون آئے تو نماز سے رکی رہو، لیکن:

“إِذَا كَانَ الْآخَرُ, فَتَوَضَّئِي وَصَلِّي, فَإِنَّمَا هُوَ عِرْقٌ”. [ابوداؤد:286]

’ جب دوسرا  (استحاضہ کا خون)  ہو تو وضو کرو اور نماز پڑھو،کیونکہ یہ ایک رگ ہوتی ہے‘۔

لیکن واضح رہے کہ نماز ادا کرنے کے بعد وضو  ختم ہو جائے گا  اور دوسری نماز کے لیے پہلے وہ  مرد یا عورت استنجا کریں گے اور پھر نئے وضو کے ساتھ نماز ادا کریں گے۔

یعنی جس کو سلسل البول کی بیماری ہے یا استحاضہ کا خون جاری رہتا ہے، یا  رطوبت جاری رہتی ہے، یہ تو استنجا کریں گے ۔ لیکن جس کوہوا خارج ہونے کا عارضہ ہے وہ صرف وضو کرے گا ،اور نماز ادا کرےگا۔اس کو استنجا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

لہٰذاخلاصہ کلام یہ ہے کہ اس قسم کے عوارض میں مبتلا مرد یا عورت ایک وضو سے فرض نماز اور اس کی سنت اور نوافل پڑھ سکتے ہیں جبکہ دوسری نماز کے لیے نیا وضو کرنا پڑے گا۔

اگر کوئی ایسی صورت ہے کہ ہر نماز کے لیے  استنجاء اور طہارت حاصل کرنا  مشکل ہو تو وہ دو دو نمازیں اکٹھی ادا کرلیں، یعنی ظہر اور عصر کو جمع کر لے اور مغرب اور عشاء کو جمع کر کےپڑھ  لیں۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ