بسم الله الرحمن الرحيم

رمضان کی اہمیت و فضیلت

روزہ اللہ کے عذاب اور جہنم سے بچاؤ کے لیے ڈھال ہے

عن جَابِرٍ عَنْ النَّبِيِّ ﷺ قَالَ إِنَّمَا الصِّيَامُ جُنَّةٌ يَسْتَجِنُّ بِهَا الْعَبْدُ مِنْ النَّارِ هُوَ لِي وَأَنَا أَجْزِي بِهِ.

جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: بےشک روزہ تو ایک ڈھال ہے جس کے ذریعے بندہ جہنم سے اپنا بچاؤ کرتا ہے۔ (اللہ فرماتا ہے) روزہ خاص میرے لئے ہے لہذا اس کا بدلہ بھی میں ہی دوں گا۔

[مسند احمد:15264] صحیح

عَن مُطَرِّفٍ قَالَ دَخَلْتُ عَلَى عُثْمَانَ بْنِ أَبِي الْعَاصِ فَأَمَرَ لِي بِلَبَنِ لِقْحَةٍ فَقُلْتُ إِنِّي صَائِمٌ فَقَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ يَقُولُ الصَّوْمُ جُنَّةٌ مِنْ عَذَابِ اللَّهِ كَجُنَّةِ أَحَدِكُمْ مِنْ الْقِتَال.

مطرف سے مروی ہے وہ کہتے ہیں کہ میں عثمان بن ابی عاص رضی اللہ عنہ کے پاس داخل ہوا تو انہوں نے میرے لیے دودھ دینے والی اونٹنی کے دودھ کا حکم دیا، تو میں نے کہا: بے شک میں روزے سے ہوں تو انہوں نے کہا میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا: وہ فرماتے تھے کہ روزہ اللہ کے عذاب سے ڈھال ہے جیسے تم میں سے کوئی جنگ میں اپنے بچاؤ کے لیے ڈھال استعمال کرتا ہے۔

[مسند احمد:17909] إسنادہ صحیح