امیر معاویہؓ-جن پر اللّٰہ فرشتوں میں فخر فرمائے

سیدنا معاویہ (بن ابو سفیان) رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:
رسول اللہ ﷺ نکل کر اپنے ساتھیوں کے ایک حلقے کے قریب تشریف لائے اور فرمایا: ’’تم کس غرض سے بیٹھے ہو؟‘‘ انہوں نے کہا: ہم بیٹھے اللہ کا ذکر کر رہے ہیں اور اس بات پر اس کی حمد کر رہے ہیں کہ اس نے اسلام کی طرف ہماری رہنمائی کی، اس کے ذریعے سے ہم پر احسان کیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’کیا تم اللہ کو گواہ بنا کر کہتے ہو کہ تم صرف اسی غرض سے بیٹھے ہو؟‘‘ انہوں نے کہا: اللہ کی قسم! ہم اسکے سوا اور کسی غرض سے نہیں بیٹھے۔ آپ ﷺ نے فرمایا:
’’میں نے تم پر کسی تہمت کی وجہ سے تمہیں قسم نہیں دی، بلکہ میرے پاس جبریل آئے اور مجھے بتایا کہ اللہ تعالیٰ تمہارے ذریعے سے فرشتوں کے سامنے فخر کا اظہار فرما رہا ہے“۔

[صحیح مسلم:2701]