سوال
میرا بھائی آسٹریلیا میں اسٹڈی ویزا پہ ہے۔ وہ مختلف جابز کرتا ہے، اس کو ایک پب میں سیکورٹی کی ایک جاب ملی ہے، جہاں پر ظاہر ہے آپ کو پتہ ہے جو غیر شرعی چیزیں ہیں الکوحل اور فحاشی وغیرہ یہ سب ہوتا ہے، تو اس سلسلے میں آپ سے رہنمائی چاہیے تھی کہ کیا اس طرح کی جاب کی کمائی حلال ہے؟
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
بعض کام ذاتی طور پر تو جائز ہوتے ہیں، لیکن اگر انہیں کسی حرام مقصد کے لیے سرانجام دیا جائے تو وہ حلال نہیں رہتے ہیں بلکہ حرام بن جاتے ہیں، جیسے تلوار بنانا جائز ہے لیکن اگر بنانے والے کو اس بات کا علم ہو کہ اس سے کسی کا ناجائز خون بہایا جائے گا، تو پھر یہ جائز کام بھی حرام بن جائے گا۔
ایسے ہی سیکیورٹی کرنا، پہرہ دینا جائز کام ہے، لیکن اگر کوئی بدکار قسم کی عورتوں کی نگرانی کرتا ہے، تاکہ ان کو کسی قسم کی دشواری نہ آئے تو یہ حرام بن جائے گا۔ یعنی کسی خاص مقصد کے لیے کیے جانے کی وجہ سے یہ حرام ہو گیا ہے ورنہ ذاتی طور پر تو سیکورٹی کا کام ناجائز نہیں ہے، یعنی کچھ کام ذاتی طور پر تو جائز ہوتے ہیں، لیکن اگر وہ کام ایسے مقاصد کے لیے سرانجام دیے جارہے ہوں، جو حرام ہیں تو پھر یہ کام بھی حرام ہو جاتے ہیں۔
لہذا ایسی جگہ جہاں ان سب منکرات کا ارتکاب ہوتا ہو وہاں پر بطور گارڈ کام اور نوکری کرنا گناہ پر معاونت ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
“وَتَعَاوَنُـوْا عَلَى الْبِـرِّ وَالتَّقْوٰى ۖ وَلَا تَعَاوَنُوْا عَلَى الْاِثْـمِ وَالْعُدْوَانِ”.[سورۃ المائدہ: 02]
’’نیکی اور بھلائی کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون کرو ، اور گناہ کے کاموں میں ایک دوسرے کیساتھ تعاون نہ کرو‘‘۔
لہذا ایسی جگہ جہاں سرعام شراب نوشی و بے حیائی جیسے گناہوں کا ارتکاب ہوتا ہو، ایسی جگہ سیکورٹی گارڈ کی جاب یا کسی بھی قسم کا کام کرنا جس سے گناہ میں معاونت ہو، یہ سب ناجائز ہے اور اس سے حاصل ہونے والی کمائی بھی حرام ہے۔ اس شخص کا ایسی جگہ جاب کرنا جہاں شراب، فحاشی و زنا جیسی محرمات کا ارتکاب ہوتا ہے، حرام ہے اور اس کی کمائی بھی حرام ہی کہلائے گی، مسلمان کو ایسی چیزوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ