سوال
جس شخص نے قربانی کر نی ہو اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ ناخن اور بال نہ کاٹے ۔اگر ایسا کر لے چاہے بھولے سے تو اس کی طرف سے قربانی ہو جائےگئی؟وضاحت فر ما دیں۔
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
انسان نسیان سے ہے ، بھول چوک اس کی زندگی کا حصہ ہے۔اللہ تعالیٰ بہت مہربان ہے کہ اس نے انسان کی بھول چوک کو معاف فرما دیا ہے، اس پر انسان کا مواخذہ نہیں کرے گا۔ جیسا کہ نبیﷺ کا فرمان ہے:
“إِنَّ اللَّهَ تَجَاوَزَ عَنْ أُمَّتِي الْخَطَأَ وَالنِّسْيَانَ وَمَا اسْتُكْرِهُوا عَلَيْهِ”. [سنن ابن ماجة:2045، صحيح ابن حبان:7219، المعجم الکبیر للطبراني: 11274، تخريج المشكاة للألباني:6248]
’اللہ تعالیٰ نے میری امت سے غلطی، بھول چوک، اور جس کام پر انہیں مجبور کردیا جائے، سے درگزر کیا ہے‘۔
اسی طرح قرآن ِ مجید میں ہے:
“رَبَّنَا لَا تُؤَاخِذْنَاۤ اِنْ نَّسِیْنَاۤ اَوْ اَخْطَاْنَا”.[ البقرہ: 286]
’اے ہمارے رب! اگر ہم بھول جائیں یا خطا کریں تو ہماری گرفت نہ فرما نا‘۔
اس پر اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے:’ میں نے ایسا کر دیا ‘۔ [موسوعة التفسير المأثور:4/735]
لہذا اگر کوئی بھول کر ایسے کرلیتا ہے، تو اس میں کوئی حرج نہیں۔
اور اگر کوئی آدمی جان بوجھ کر بھی بال یا ناخن کاٹ لیتا ہے، تو یہ عمل اگرچہ درست نہیں لیکن اس سے قربانی کی صحت و قبولیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا کیونکہ بال یا ناخن کاٹنا الگ عمل ہے اور قربانی ایک الگ عمل ہے ۔
امان ابن قدامہ رحمہ اللہ بال وغیرہ کٹوانے والی ممانعت کی حدیث کے ضمن میں فرماتے ہیں:
إذا ثَبَتَ هذا، فإنَّه يتْرُكُ قَطْعَ الشَّعَرِ وتَقْلِيمَ الأظفارِ، فإنْ فَعَلَ اسْتَغْفَرَ اللَّه تعالَى. ولا فِدْيَةَ فيه إجْماعًا، سواءٌ فَعَلَه عَمْدًا أو نِسْيانًا». [المغني لابن قدامة 13/ 363 ت التركي]
’مشروع یہ ہے کہ بال اور ناخن نہیں کٹوائے جائیں گے، لیکن اگر کسی نے بھول کر یا جان بوجھ کر بھی کاٹ لیے، تو وہ استغفار ہی کرے گا، تمام اہل علم کا اس بات پر اتفاق ہے کہ اس پر کسی قسم کا کوئی کفارہ نہیں ہے‘۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ