قرآن مجید کا تصوّر تدّبر ایک تحقیقی جائزہ
قرآنِ مجید خالقِ کائنات کا وہ ازلی و ابدی پیغام ہے جو انسان کے لیے ہدایت، اصلاح اور نجات کا مکمل ضابطۂ حیات بن کر نازل ہوا۔ یہ کتابِ ہدایت صرف الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ معنی و معرفت کا وہ بحرِ بیکراں ہے جس میں اترنے والا جتنا گہرائی میں جائے، اتنا ہی نور وہدایت حاصل کرتا ہے۔ اس کا مقصد محض تلاوت، حفظ یا صوتی لذت نہیں بلکہ غور و فکر، فہم و تدبر اور عمل و اطاعت ہے۔قرآنِ کریم خود اپنے قارئین کو دعوت دیتا ہے۔ أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ
کیا یہ لوگ قرآن میں غور و فکر نہیں کرتے؟
یہی تدبر دراصل ایمان کی جڑ اور عملِ صالح کی بنیاد ہے۔ تدبر کے ذریعے انسان قرآن کے ظاہر سے باطن تک، الفاظ سے مقاصد تک اور تلاوت سے عمل تک کا سفر طے کرتا ہے۔ یہی عمل دلوں کو ایمان سے منور کرتا ہے، عقلوں کو بیدار اور کرداروں کو سنوارتا ہے۔قرآن، انسان کے لیے آئینہ بھی ہے اور رہبر بھی؛ اس میں ہر وہ روشنی موجود ہے جو بھٹکے ہوئے دل کو راہ دکھا سکے۔ خوش نصیب وہ ہے جو اس کتابِ ربانی کو صرف پڑھنے تک محدود نہ رکھے بلکہ اس کے معانی میں ڈوب کر اپنی روح کو سیراب کرے، اپنے کردار کو نکھارے اور اپنی زندگی کو قرآن کے سانچے میں ڈھال دے۔
تدبر کا لغوی و اصطلاحی مفہوم
لغوی تعریف
لفظ تَدَبُّر تَدَبَّرَ – يَتَدَبَّرُ – تَدَبُّرًا عربی مادّہ د،ال، باء، راء سے ماخوذ ہے۔(ابن منظور، لسان العرب، مادہ: د ب ر، ص 272)
امام راغب اصفہانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
“التَّدَبُّرُ هُوَ النَّظَرُ في دُبُرِ الأَمْرِ، أَيْ في عاقِبَتِهِ وَمَآلِهِ.” (مفردات ألفاظ القرآن للراغب الأصفهاني، ص: 184)
الدُّبُر کسی چیز کا پیچھے والا حصہ یا آخر و انجام کو کہتے ہیں۔
اصطلاحی تعریف
اصطلاحی تعریف کے متعلق امام جلال الدین السیوطی امام راغب اصفہانی رحمہ اللہ کا قول نقل کرتے ہیں جو کہ درج ذیل ہے:
التَّدَبُّرُ هُوَ التَّفَكُّرُ فِي مَعَانِي الْكَلِمَاتِ الْقُرْآنِيَّةِ، وَالتَّأَمُّلُ فِي مَقَاصِدِهَا، لِيَتَبَيَّنَ الْمُرَادُ مِنْهَا وَيُسْتَفَادَ الْهُدَى وَالْعِبْرَةُ۔
تدبّر سے مراد ہے: قرآنِ کریم کے الفاظ و معانی میں غور و فکر کرنا، اس کے مقاصد پر تدبّر کرنا تاکہ اس کا اصل مفہوم واضح ہو، اور اس سے ہدایت و نصیحت حاصل کی جا سکے۔(البرهان في علوم القرآن للزركشي ج 2، ص 155)
تدبّر، تفکّر اور تلاوتِ قرآن میں فرق
قرآنِ مجید اللہ تعالیٰ کی آخری ہدایت نامہ ہے جو انسانیت کو علم، ایمان اور عمل کی راہ دکھاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کتاب کو محض تلاوت کے لیے نازل نہیں فرمایا بلکہ اس پر تفکّر اور تدبّر کرنے کا حکم بھی دیا تاکہ انسان اس سے نصیحت لے اور اپنی زندگی کو سنوارے۔
یہ تینوں الفاظ ۔ تلاوت، تفکر، تدبر۔ بظاہر قریب المعنی ہیں، لیکن درحقیقت قرآن کے ساتھ تعلق کے تین مختلف اور تکمیلی درجے ہیں۔
تلاوت کا لغوی و اصطلاحی معنی
“تلا” یتلو,تلاوةً کا مطلب ہے “پیچھے پیچھے پڑھنا” یا “کسی کے کلام کی اتباع کرنا”۔(ابن منظور، لسان العرب، ج 14، ص 119)
اصطلاحاً تلاوت سے مراد ہے: قرآن کے الفاظ کو صحیح تجوید، ترتیل اور احترام کے ساتھ پڑھنا۔
ارشادِ باری تعالیٰ:
وَاتْلُ مَا أُوحِيَ إِلَيْكَ مِنْ كِتَابِ رَبِّكَ (سورۃ الکہف: 27)
اور (اے نبی ﷺ!) آپ اس کتاب کی تلاوت کیجیے جو آپ کے رب کی طرف سے آپ پر وحی کی گئی ہے۔
نبی ﷺ نے فرمایا:
مَنْ قَرَأَ حَرْفًا مِنْ كِتَابِ اللَّهِ فَلَهُ بِهِ حَسَنَةٌ، وَالْحَسَنَةُ بِعَشْرِ أَمْثَالِهَا (ترمذی: 2910)
”جو شخص قرآنِ مجید کا ایک حرف پڑھتا ہے، اس کے لیے ایک نیکی ہے، اور ہر نیکی کا دس گنا اجر ہے۔“
تلاوت کا مقصد
قرآن کو صحیح ادا کرنا، اس کے احترام کو دل میں بٹھانا اور ثواب حاصل کرنایہ قرآن کے ساتھ تعلق کا پہلا اور ابتدائی درجہ ہے۔
تفکّر کا لغوی معنی
تفکر، “فكر” سے ماخوذ ہے، جس کا مطلب ہے گہرائی سے سوچنا اور غور کرنا۔(ابن منظور، لسان العرب، ج 5، ص 257)
ارشادِ باری تعالیٰ:
إِنَّ فِي خَلْقِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَاخْتِلَافِ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ لَآيَاتٍ لِأُولِي الْأَلْبَابِ الَّذِينَ يَذْكُرُونَ اللَّهَ قِيَامًا وَقُعُودًا وَعَلَىٰ جُنُوبِهِمْ وَيَتَفَكَّرُونَ فِي خَلْقِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ (آل عمران: 190-191)
بے شک آسمانوں اور زمین کی تخلیق اور رات دن کے بدلنے میں عقل والوں کے لیے نشانیاں ہیں، جو ہر حال میں اللہ کو یاد کرتے ہیں اور آسمان و زمین کی پیدائش میں غور کرتے ہیں۔
تفکر کا مفہوم
کائنات، مخلوقات، قدرت کے مظاہر اور قرآن کے مضامین پر عقل و دل سے غور کرنا تاکہ اللہ کی قدرت اور عظمت کی معرفت حاصل ہو۔
تدبّر کا لغوی معنی
تدبّر “دُبُر” سے ہے، یعنی کسی چیز کے انجام اور حقیقت پر غور کرنا۔یہ غور و فکر کا وہ درجہ ہے جو فہم اور عمل تک لے جاتا ہے۔
ارشادِ باری تعالیٰ:
أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ أَمْ عَلَىٰ قُلُوبٍ أَقْفَالُهَا (سورۃ محمد: 24)
”کیاا وہ قرآن میں غور و فکر نہیں کرتے؟ یا ان کے دلوں پر قفل لگے ہوئے ہیں؟“
مزید فرمایا:
كِتَابٌ أَنْزَلْنَاهُ إِلَيْكَ مُبَارَكٌ لِيَدَّبَّرُوا آيَاتِهِ وَلِيَتَذَكَّرَ أُولُو الْأَلْبَابِ (سورۃ ص: 29)
یہ ایک بابرکت کتاب ہے جو ہم نے آپ پر نازل کی ہے تاکہ لوگ اس کی آیات پر غور کریں اور عقل والے نصیحت حاصل کریں۔
تدبر کا مفہوم
قرآن کے الفاظ، معانی، احکام اور مقاصد میں غور و فکر کرنا تاکہ دل میں اثر پیدا ہو اور انسان عمل کے لیے آمادہ ہو۔
امام ابن القیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
فَلَيْسَ الْمَقْصُودُ مِنَ الْقِرَاءَةِ مُجَرَّدَ التِّلَاوَةِ، بَلِ التَّفَهُّمُ وَالتَّدَبُّرُ وَالْعَمَلُ بِهِ.(مدارج السالکین 1/446)
قرآن کی تلاوت کا مقصد محض پڑھنا نہیں، بلکہ سمجھنا، تدبر کرنا اور اس پر عمل کرنا ہے۔
سلفِ صالحین کا طرزِ عمل
سیدناعبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
كانَ أحدُنا إذا تعلَّمَ عشرَ آياتٍ من القرآنِ لم يُجاوِزْهُنَّ حتى يَعرفَ معانيَهنَّ والعملَ بهنَّ. (جامع البیان للطّبری 1/80)
ہم میں سے جب کوئی دس آیات سیکھتا تو ان سے آگے نہ بڑھتا جب تک ان کے معنی اور ان پر عمل نہ سیکھ لیتا۔
امام حسن بصری رحمہ اللہ نے فرمایا:
إنَّ أقوامًا جعلوا القرآنَ تلاوةً، لا تدبُّرَ فيها، فواللهِ ما هو كذلك، ولكن تدبُّر آياته، والعمل به. (الزہد لابن المبارک، ص: 232)
بعض لوگوں نے قرآن کو محض تلاوت بنا لیا ہے، حالانکہ اصل مقصد اس کی آیات پر عمل ہے ۔
قرآنِ مجید میں تدبر کا تصور
قرآن وہ آسمانی کتاب جو صرف پڑھی جانے کے لیے نہیں، سمجھی جانے کے لیے نازل ہوئی۔ یہ دلوں کے لیے نور، عقلوں کے لیے رہنمائی، اور روح کے لیے زندگی ہے۔ مگر اس نور سے حقیقی روشنی وہی پاتا ہے، جو اس میں تدبر کرے یعنی رک کر، سوچ کر، اور محسوس کر کے پڑھے۔
قرآن کا سوالِ بیداری
أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ أَمْ عَلَىٰ قُلُوبٍ أَقْفَالُهَا (سورۃ محمد: 24)
کیا یہ لوگ قرآن میں غور نہیں کرتے؟ یا ان کے دلوں پر قفل لگے ہوئے ہیں؟
یہ سوال دل کے دروازے پر دستک دیتا ہے۔قرآن کہتا ہے: میں حاضر ہوں، مگر تم کہاں ہو؟جو دل قفلوں میں بند ہیں، وہ تدبر سے محروم ہیں، اور جو دل بیدار ہیں، وہ ہر آیت میں اپنا رب پہچان لیتے ہیں۔
قرآن کی دلیلِ صداقت
قرآن مجید ایک مصدّق کتاب ہے جس کی دلیل قرآن مجید کے اندر ہی موجود ہے۔
أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ وَلَوْ كَانَ مِنْ عِندِ غَيْرِ اللَّهِ لَوَجَدُوا فِيهِ اخْتِلَافًا كَثِيرًا (سورۃ النساء: 82)
کیا وہ قرآن میں غور نہیں کرتے؟ اگر یہ اللہ کے سوا کسی اور کی طرف سے ہوتا تو وہ اس میں بہت سا اختلاف پاتے۔
یہ آیت تدبر کو ایمان کی دلیل بنا دیتی ہے۔ غور و فکر کے بغیر یقین ادھورا رہتا ہے، اور تدبر سے دل گواہی دیتا ہے کہ یہ کلام انسان کا نہیں یہ ربِ کائنات کی صدا ہے۔
قرآن کا مقصدِ نزول
سیدنا آدم علیہ السلام سے لے کر جناب محمد مصطفیٰ ﷺ تک جتنی بھی کتب نازل ہوئیں ان کا ایک واضح مقصد تھا اور قرآن مجید کا مقصد قرآن مجید کے اندر ہی موجود ہے۔
كِتَابٌ أَنْزَلْنَاهُ إِلَيْكَ مُبَارَكٌ لِيَدَّبَّرُوا آيَاتِهِ وَلِيَتَذَكَّرَ أُولُو الْأَلْبَابِ(سورۃ ص: 29)
یہ ایک بابرکت کتاب ہے جو ہم نے آپ پر نازل کی ہے تاکہ لوگ اس کی آیات میں تدبر کریں اور اہلِ عقل نصیحت حاصل کریں۔
سلف کا اسلوبِ تدبر
سیدناعبداللہ بن مسعودؓ نے فرمایا:
قِفُوا عندَ عَجَائِبِه، وحَرِّكُوا به القلوبَ (شعب الإیمان للبیہقی، 2/530)
قرآن کے عجائبات پر ٹھہرو، اور اپنے دلوں کو اس کے ذریعے حرکت دو!
یہی تو اصل تدبر ہے ،قرآن کو جلدی جلدی ختم کرنا نہیں،بلکہ خود کو اس کے اندر ڈھال دینا ہے۔
نبی کریم ﷺ کا اندازِ تدبر
تدبرِ قرآن کی اصل اور کامل مثال نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ مبارکہ ہے۔ آپ ﷺ نے قرآن کو صرف پڑھا نہیں، بلکہ اس کے الفاظ، معانی اور مقاصد میں گہری بصیرت کے ساتھ غور فرمایا، یہاں تک کہ آپ ﷺ کی ہر عبادت، دعا، اخلاق اور آنسو میں تدبر کی جھلک نمایاں نظر آتی ہے۔
1. تلاوت میں تدبر اور ٹھہراؤ
سیدناحذیفہ بن یمانؓ فرماتے ہیں:
صَلَّيْتُ مَعَ النَّبِيِّ ﷺ ذَاتَ لَيْلَةٍ، فَافْتَتَحَ الْبَقَرَةَ، ثُمَّ النِّسَاءَ، ثُمَّ آلَ عِمْرَانَ، يَقْرَأُ مُتَرَسِّلًا، إِذَا مَرَّ بِآيَةٍ فِيهَا تَسْبِيحٌ سَبَّحَ، وَإِذَا مَرَّ بِسُؤَالٍ سَأَلَ، وَإِذَا مَرَّ بِتَعَوُّذٍ تَعَوَّذَ. (صحیح مسلم، حدیث: 772)
میں نے نبی ﷺ کے ساتھ ایک رات نماز پڑھی، آپ نے سورۃ البقرہ، پھر النساء، پھر آل عمران کی تلاوت فرمائی۔ آپ آیات کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھتے، جب تسبیح والی آیت آتی تو تسبیح کرتے، دعا والی آیت پر دعا مانگتے، اور پناہ والی آیت پر پناہ طلب کرتے۔
یہ حدیث بتاتی ہے کہ نبی ﷺ کی تلاوت محض زبان سے نہیں تھی، بلکہ دل و شعور کے ساتھ تدبر و احساس کے ساتھ تھی۔ ہر آیت پر رک کر اس کے مفہوم کے مطابق عمل کرنا ہی حقیقی تدبر ہے۔
2. قرآن سے رقت اور خشوع
سیدنا عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے:
قَالَ لِي رَسُولُ اللَّهِ ﷺ: اقْرَأْ عَلَيَّ الْقُرْآنَ. قُلْتُ: أَقْرَأُ عَلَيْكَ وَعَلَيْكَ أُنْزِلَ؟قَالَ: إِنِّي أُحِبُّ أَنْ أَسْمَعَهُ مِنْ غَيْرِي. فَقَرَأْتُ سُورَةَ النِّسَاءِ، فَلَمَّا بَلَغْتُ: فَكَيْفَ إِذَا جِئْنَا مِنْ كُلِّ أُمَّةٍ بِشَهِيدٍ، وَجِئْنَا بِكَ عَلَى هَؤُلَاءِ شَهِيدًاقَالَ: حَسْبُكَ الْآنَ، فَالْتَفَتُّ إِلَيْهِ، فَإِذَا عَيْنَاهُ تَذْرِفَانِ. (صحیح بخاری: 5050)
نبی ﷺ نے فرمایا: “میرے سامنے قرآن پڑھو۔میں نے کہا: “کیا میں آپ کے سامنے پڑھوں، حالانکہ آپ پر نازل ہوا ہے؟”فرمایا: “مجھے دوسرے سے سننا پسند ہے۔”جب میں اس آیت پر پہنچا تو آپ ﷺ نے فرمایا: “بس کرو۔”میں نے دیکھا کہ آپ ﷺ کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے۔
یہ رونا صرف جذباتی کیفیت نہیں بلکہ تدبر کا نتیجہ تھا — آپ ﷺ نے اس آیت کے منظر اور مفہوم کو دل میں محسوس کیا، کہ قیامت کے دن امت کے گواہ بننا کیسی بھاری ذمہ داری ہے۔
3. آیات پر دعا اور عمل
نبی ﷺ جب قرآن پڑھتے اور دعا یا مغفرت کا موقع آتا تو فوراً رک کر دعا کرتے۔
سیدناعوف بن مالکؓ فرماتے ہیں:
قُمْتُ مَعَ النَّبِيِّ ﷺ، فَقَرَأَ سُورَةَ الْبَقَرَةِ، لَا يَمُرُّ بِآيَةِ رَحْمَةٍ إِلَّا وَقَفَ فَسَأَلَ، وَلَا يَمُرُّ بِآيَةِ عَذَابٍ إِلَّا وَقَفَ فَتَعَوَّذَ. (سنن النسائي: 1008)
میں نبی ﷺ کے ساتھ کھڑا ہوا، آپ نے سورۃ البقرہ کی تلاوت فرمائی۔ جب کسی رحمت والی آیت پر آتے تو رک کر دعا مانگتے، اور جب کسی عذاب والی آیت پر آتے تو پناہ مانگتے۔
یہ تدبر کا عملی نمونہ ہے نبی ﷺ قرآن کو زندگی سے جوڑ کر پڑھتے، ہر آیت کے مطابق دل اور عمل کا رویہ اختیار کرتے۔
4. رات کا قیام اور تدبر
سیدہ عائشہؓ بیان کرتی ہیں:
قَامَ النَّبِيُّ ﷺ لَيْلَةً، فَلَمْ يَزَلْ يَقْرَأُ هَذِهِ الْآيَةَ حَتَّى أَصْبَحَ:إِنْ تُعَذِّبْهُمْ فَإِنَّهُمْ عِبَادُكَ، وَإِنْ تَغْفِرْ لَهُمْ فَإِنَّكَ أَنْتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ (المائدة: 118)
نبی ﷺ ایک رات قیام میں صرف یہی آیت پڑھتے رہے یہاں تک کہ صبح ہوگئی:اگر تو انہیں عذاب دے تو یہ تیرے ہی بندے ہیں، اور اگر انہیں بخش دے تو تو ہی غالب اور حکمت والا ہے۔ (سنن ابن ماجہ: 1350)
5. قرآن سے نصیحت اور عبرت حاصل کرنا
سیدنا ابن عباسؓ فرماتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا:
إِنَّ الَّذِي لَيْسَ فِي جَوْفِهِ شَيْءٌ مِنَ الْقُرْآنِ كَالْبَيْتِ الْخَرِبِ. (سنن الترمذي: 2913، صحیح)
”جس کے دل میں قرآن کا کچھ حصہ نہیں، وہ ویران گھر کی مانند ہے۔“
6. قرآن کو زندگی کا آئینہ بنانا
سیدناعمر بن خطابؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
تَعَلَّمُوا الْقُرْآنَ وَسَلُوهُ وَتَغَنَّوْا بِهِ، فَوَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ لَهُوَ أَشَدُّ تَفَلُّتًا مِنَ الْإِبِلِ فِي عُقُلِهَا. (صحیح بخاری: 5033)
”قرآن کو سیکھو، پڑھو اور اس کو دلوں میں رچاؤ، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! قرآن دل سے اس طرح نکل جاتا ہے جیسے اونٹ اپنی رسی توڑ کر بھاگ جائے۔“
نبی ﷺ نے قرآن کو محض زبانی یاد کرنے نہیں بلکہ دل سے جڑنے کی تعلیم دی۔ یہی تدبر ہے کہ قرآن دل کی زندگی بن جائے۔
7. قرآن پر غور سے ایمان میں اضافہ
سیدناجابرؓ روایت کرتے ہیں:
كَانَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ إِذَا ذُكِّرَ بِالْقُرْآنِ وَجِلَتْ قُلُوبُهُ، وَرَقَّتْ أَعْيُنُهُ، وَزَادَ إِيمَانُهُ. (البيهقي في شعب الإيمان: 2055، بسندٍ حسن)
جب نبی ﷺ کے سامنے قرآن کی آیات بیان کی جاتیں تو آپ کا دل کانپ اٹھتا، آنکھیں نرم ہو جاتیں اور ایمان میں اضافہ ہوتا۔
یہ وہ قلبی تدبر ہے جو ایمان کو مضبوط کرتا ہے۔ نبی ﷺ قرآن کو صرف سنتے نہیں بلکہ دل سے محسوس کرتے۔
8. امت کو تدبر کی دعوت
نبی ﷺ نے خود اپنی امت کو تدبرِ قرآن کا حکم دیا۔
سیدناابوذرؓ روایت کرتے ہیں:
يَا أَبَا ذَرٍّ، جُلُوسُكَ تَقْرَأُ آيَةً مِنْ كِتَابِ اللَّهِ خَيْرٌ لَكَ مِنْ أَنْ تُصَلِّيَ مِائَةَ رَكْعَةٍ. (سنن ابن ماجه: 219)
اے ابوذر! تمہارا بیٹھ کر قرآن کی ایک آیت کو غور سے پڑھنا اور سمجھنا تمہارے لیے سو رکعت نفل نماز سے بہتر ہے۔
یہ امت کو واضح پیغام ہے کہ تدبر و فہم عبادت کی روح ہے۔ نبی ﷺ نے تدبر کو محض علمی نہیں بلکہ عبادی عمل قرار دیا۔
تابعین اور ائمہ کے اقوال
تدبرِ قرآن وہ عظیم عمل ہے جس کے ذریعے انسان اللہ کے کلام کی گہرائیوں میں اتر کر ہدایت، بصیرت اور عمل کا نور حاصل کرتا ہے۔ تابعین اور ائمہ نے ہمیشہ قرآن پر غور و فکر کو ایمان کی روح اور علم کی بنیاد قرار دیا۔ ان کے نزدیک تلاوت بغیر تدبر کے محض آواز کا گزر ہے، دل تک رسائی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ قرآن کو سمجھنے، اس سے استنباط کرنے اور اپنی زندگیوں میں اس کے معانی نافذ کرنے کی تاکید کرتے رہے۔ ان کے اقوال تدبرِ قرآن کی اہمیت، طریقِ کار اور اثرات پر روشن مینار کی حیثیت رکھتے ہیں۔
1. امام سفیان الثوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
إنما نزل القرآن ليُعمل به، فاتخذ الناس قراءته عملاً. (الزهد لابن المبارك، ص 155)
قرآن اس لیے نازل ہوا کہ اس پر عمل کیا جائے، لیکن لوگوں نے محض تلاوت کو ہی عمل سمجھ لیا۔
2. امام ابن جریر الطبری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
إن التدبر في معاني القرآن هو الفهم عن الله ما أمر به ونهى عنه، وذلك لا يكون إلا لمن قرأه بتفكر وتدبر.(جامع البيان، 1/52)
قرآن میں تدبّر کا مطلب یہ ہے کہ بندہ اللہ کے احکام اور ممانعتوں کو سمجھے، اور یہ صرف اسی کو نصیب ہوتا ہے جو غور و فکر کے ساتھ قرآن پڑھتا ہے۔
3. امام ابن عطیہ الأندلسی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
تدبر القرآن هو تأمل معانيه واستنباط حكمه بصفاء القلب ونقاء العقل۔ (المحرر الوجيز، 1/43)
تدبّرِ قرآن کا مطلب ہے: اس کے معانی پر غور کرنا اور دل و دماغ کی صفائی کے ساتھ اس کے احکام و حکمتوں کو سمجھنا۔
4. امام عبدالرحمن بن سعدی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
من تدبر كتاب الله أوجب له ذلك العلم النافع والعمل الصالح والإيمان الراسخ. (تيسير الكريم الرحمن، مقدمہ، ص 10)
جو شخص قرآن پر غور کرتا ہے، یہ تدبّر اسے نافع علم، صالح عمل، اور مضبوط ایمان عطا کرتا ہے۔
5. شیخ محمد بن صالح العثیمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
التدبر في القرآن سبب لزيادة الإيمان، وترك التدبر سبب للغفلة والضلال. (شرح رياض الصالحين، ج 1، ص 33)
قرآن میں تدبّر ایمان میں اضافہ کا ذریعہ ہے، اور تدبّر کو چھوڑ دینا غفلت و گمراہی کا سبب ہے۔
6. امام ابن القيم رحمہ اللہ فرماتےہیں:
إذا أردتَ الانتفاع بالقرآن فاجمع قلبك عند تلاوته وسماعه، وألق سمعك، واحضر حضور من يخاطبه به من تكلم به سبحانه. (الفوائد، ص 7)
اگر تو قرآن سے فائدہ چاہتا ہے تو جب اسے پڑھ یا سن رہا ہو، اپنا دل حاضر کر، کان لگا، اور ایسے سمجھ جیسے اللہ خود تجھ سے کلام کر رہا ہے۔
7. عبداللہ بن مسعود فرماتےہیں:
كانوا إذا تعلموا عشر آيات لم يجاوزوها حتى يعلموا ما فيها من العلم والعمل. (تفسیر الطبری، 1/80)
صحابہ جب قرآن کی دس آیات سیکھتے تو آگے نہ بڑھتے جب تک ان میں موجود علم اور عمل کو نہ سمجھ لیتے۔
8. حسن بصری رحمہ اللہ فرماتےہیں:
إنّ من كان قبلكم رأوا القرآن رسائل من ربهم، فكانوا يتدبرونها بالليل وينفذونها بالنهار. (تفسیر ابن کثیر، مقدّمة التفسیر، 1/4)
تم سے پہلے لوگ قرآن کو اپنے رب کے خطوط سمجھتے تھے، رات کو اس پر غور کرتے اور دن کو اس پر عمل کرتے تھے۔
9. امام ابن قیم الجوزیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
ليس شيء أنفع للعبد من تدبر القرآن، فإنه يورث المحبة والخوف والرجاء، ويبعث على التوبة والصبر والرضا. (مدارج السالكين، ج 1، ص 450)
بندے کے لیے قرآن میں غور و فکر سے زیادہ نفع دینے والی کوئی چیز نہیں، یہ محبت، خوف، امید پیدا کرتا ہے اور توبہ، صبر و رضا کی طرف لے جاتا ہے۔
10. امام ابن تیمیہؒ فرماتے ہیں:
من تدبر القرآن طالبًا الهدى منه، تبيّن له طريق الحق. (مجموع الفتاوى، ج 14، ص 366)
جو شخص قرآن میں تدبّر کرتا ہے ہدایت کے طلبگار کے طور پر، تو اس پر حق کا راستہ واضح ہو جاتا ہے۔
تدبرِ قرآن کے اصول
اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید کو محض تلاوت یا حفظ کے لیے نہیں، بلکہ تدبر، تفکر اور عمل کے لیے نازل فرمایا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
كِتَابٌ أَنْزَلْنَاهُ إِلَيْكَ مُبَارَكٌ لِيَدَّبَّرُوا آيَاتِهِ وَلِيَتَذَكَّرَ أُولُوا الْأَلْبَابِ (سورۃ ص: 29)
یہ ایک بابرکت کتاب ہے جو ہم نے آپ پر نازل کی ہے تاکہ لوگ اس کی آیات میں غور و فکر کریں اور عقل والے نصیحت حاصل کریں۔
1. اخلاصِ نیت اور ایمان بالقرآن
تدبرِ قرآن کی بنیاد خلوصِ نیت اور ایمان پر ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَذِكْرَى لِمَن كَانَ لَهُ قَلْبٌ أَوْ أَلْقَى السَّمْعَ وَهُوَ شَهِيدٌ (سورۃ ق: 37)
یقیناً اس میں نصیحت ہے اُس کے لیے جس کے پاس دل ہو یا جو دل لگا کر سنے اور حاضرِ دل ہو۔
امام ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
إذا أردت الانتفاع بالقرآن، فاجمع قلبك عند تلاوته وسماعه، وألق سمعك، واحضر حضور من يخاطبه به من تكلم به سبحانه. (الفوائد لابن القيم، ص: 58)
جب تو قرآن سے نفع اٹھانا چاہے تو اپنا دل اس کے سامنے حاضر کر، کان لگا کر سن، اور اس طرح متوجہ ہو جیسے اللہ تجھ سے براہِ راست بات کر رہا ہو۔
2. قرآن کو قرآن سے سمجھنا
قرآنِ مجید کی سب سے پہلی تفسیر خود قرآن ہے۔ ایک آیت کی وضاحت دوسری آیت سے ہوتی ہے۔
امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
أصحّ طرق التفسير أن يُفسَّر القرآن بالقرآن، فما أُجمل في موضع فُسِّر في موضع آخر (مقدمة في أصول التفسير، ص: 93)
”تفسیر کا سب سے صحیح طریقہ یہ ہے کہ قرآن کی تفسیر قرآن سے کی جائے، جو بات ایک جگہ مجمل ہو، وہ دوسری جگہ مفصل ہوتی ہے۔“
3. سنتِ رسول ﷺ کی روشنی میں تدبر
قرآن کی مکمل تفہیم اس وقت ممکن ہے جب اسے سنتِ نبوی کی روشنی میں سمجھا جائے۔
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَأَنزَلْنَا إِلَيْكَ الذِّكْرَ لِتُبَيِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ إِلَيْهِمْ (سورۃ النحل: 44)
اور ہم نے آپ پر ذکر (قرآن) نازل کیا تاکہ آپ لوگوں کے لیے بیان کریں جو ان پر نازل کیا گیا ہے۔
امام شاطبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
السنة بيان للقرآن وتفصيل لمجمله وتوضيح لمتشابهه. (الموافقات، 4/29)
سنت قرآن کی شرح ہے، اس کے مجمل کی تفصیل اور اس کے متشابہ کی وضاحت کرتی ہے۔
4. اسبابِ نزول اور لغتِ عرب سے واقفیت
قرآن کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ مفسر کو عربی زبان اور اسبابِ نزول کا علم ہو۔
امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
العلم بأسباب النزول يعين على فهم الآية، فإن العلم بالسبب يورث العلم بالمسبب۔ (مقدمة في أصول التفسير، ص: 95)
آیات کے نزول کے اسباب کا علم آیت کے صحیح مفہوم تک پہنچنے میں مدد دیتا ہے، کیونکہ سبب کو جاننے سے مسبَّب کو سمجھنا آسان ہو جاتا ہے۔
اسی طرح قرآن چونکہ عربی زبان میں نازل ہوا:
إِنَّا أَنْزَلْنَاهُ قُرْآنًا عَرَبِيًّا لَعَلَّكُمْ تَعْقِلُونَ (سورۃ یوسف: 2)
بے شک ہم نے اسے عربی قرآن نازل کیا تاکہ تم سمجھو۔
لہٰذا عربی قواعد، بلاغت، اور لغوی مفہوم کا ادراک تدبر کے لیے لازم ہے۔
5 سیاق و سباق (Context) کا لحاظ رکھنا
تدبر کا ایک اہم اصول یہ ہے کہ آیت کو اس کے سیاق و سباق میں سمجھا جائے۔
مثلاً “فَوَيْلٌ لِّلْمُصَلِّينَ” (الماعون: 4) کو اگر اکیلا پڑھا جائے تو مفہوم بگڑتا ہے، لیکن اگلی آیت وضاحت کرتی ہے:
الَّذِينَ هُمْ عَنْ صَلَاتِهِمْ سَاهُونَ
’’جو اپنی نماز سے غافل ہیں۔‘‘
یعنی مذمت نماز چھوڑنے والوں کی نہیں، بلکہ غفلت کرنے والوں کی ہے۔اسی لیے مفسرین فرماتے ہیں:
الاعتبار بعموم اللفظ لا بخصوص السبب مع مراعاة السياق. (الزركشي، البحر المحيط في أصول الفقه، ج 2، ص 340)
لفظ کے عموم کا اعتبار ہے، لیکن سیاق و سباق کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔
6. عمل کی نیت سے تدبر
قرآن کا مقصد صرف علمی فہم نہیں بلکہ عملی تطبیق ہے۔صحابہ کرام قرآن کو عمل کے لیے پڑھتے تھے۔
سیدناعبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
كان الرجل منا إذا تعلّم عشر آيات لم يجاوزهن حتى يعرف معانيهن والعمل بهن. (تفسیر طبری، 1/80)
ہم میں سے کوئی دس آیات سیکھتا تو اس وقت تک آگے نہ بڑھتا جب تک ان کے معانی اور ان پر عمل نہ کر لیتا۔
7. تدبر کے لیے قلبی خشوع اور تدبر کا سکون
اللہ تعالیٰ نے قرآن کے اثر کے متعلق فرمایا:
لَوْ أَنْزَلْنَا هَٰذَا الْقُرْآنَ عَلَىٰ جَبَلٍ لَرَأَيْتَهُ خَاشِعًا مُتَصَدِّعًا مِنْ خَشْيَةِ اللَّهِ (سورۃ الحشر: 21)
اگر ہم یہ قرآن کسی پہاڑ پر اتارتے تو تم اسے اللہ کے خوف سے جھکا اور پھٹتا ہوا دیکھتے۔
اسی لیے تدبر کے وقت دل میں خشیت، انکسار اور غور و فکر کا ماحول پیدا ہونا چاہیے۔
8. قرآن سے ہدایت حاصل کرنے کی نیت
تدبرِ قرآن کا مقصد علمی تفنن نہیں بلکہ ہدایت کا حصول ہے۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
هُدًى لِّلْمُتَّقِينَ (سورۃ البقرۃ: 2)
یہ (قرآن) متقین کے لیے ہدایت ہے
اور ایک دوسرے مقام پر اللہ رب العزت فرماتے ہیں:
إِنَّ هَٰذَا الْقُرْآنَ يَهْدِي لِلَّتِي هِيَ أَقْوَمُ (سورۃ الإسراء: 9)
بے شک یہ قرآن اُس راستے کی طرف رہنمائی کرتا ہے جو سب سے سیدھا ہے۔
لہٰذا جو شخص قرآن سے ہدایت حاصل کرنے کا طالب نہیں بلکہ محض الفاظ یا اسلوب کا نقاد ہو، وہ محروم رہتا ہے۔امام فخر الدین رازی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
من طلب من القرآن سوى الهدى فقد ضلّ السبيل.” (التفسير الكبير، 1/174)
جو قرآن سے ہدایت کے سوا کچھ اور چاہے، وہ راہِ راست سے بھٹک گیا۔‘‘
9. اہلِ علم کی تفاسیر سے رجوع
تدبر کا مطلب یہ نہیں کہ ہر شخص اپنی رائے سے قرآن کی تفسیر کرے۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
فَاسْأَلُوا أَهْلَ الذِّكْرِ إِن كُنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ (سورۃ النحل: 43)
اگر تم نہیں جانتے تو اہلِ علم سے پوچھو۔
سیدناابن عباسؓ فرماتے ہیں:
التفسير على أربعة أوجه: وجه تعرفه العرب من كلامها، وتفسير لا يعذر أحد بجهالته، وتفسير يعلمه العلماء، وتفسير لا يعلمه إلا الله. (تفسیر طبری، 1/75)
تفسیر چار قسم کی ہے: ایک وہ جو عربی زبان سے سمجھ آتی ہے، ایک وہ جس کی جہالت معاف نہیں، ایک وہ جو علماء جانتے ہیں، اور ایک وہ جس کا علم صرف اللہ کو ہے۔
لہٰذا تدبر کرنے والے کو معتبر مفسرین جیسے ابن جریر طبریؒ، ابن کثیرؒ، قرطبیؒ اور شوکانیؒ کی آراء سے رہنمائی لینی چاہیے۔
10. تدبر میں دعا اور اللہ سے فہم کی طلب
قرآن سمجھنے کے لیے اللہ سے مدد مانگنا ضروری ہے،کیونکہ صاحب قرآن جناب محمد مصطفیٰﷺ نے خود رب کائنات سے اس کی دعا مانگی ہے ۔
اللهم فقهني في الدين، وعلمني التأويل. (مسند أحمد: 2669)
اے اللہ! مجھے دین کی سمجھ عطا فرما اور (قرآن کا) درست مفہوم سکھا۔
اور قرآن مجید میں موجود ہے :
وَقُل رَّبِّ زِدْنِي عِلْمًا (سورۃ طٰہٰ: 114)
اور کہو: اے میرے رب! میرے علم میں اضافہ فرما۔
یعنی جو شخص اللہ سے فہم و بصیرت کی دعا نہیں کرتا، وہ حقیقی تدبر سے محروم رہتا ہے۔کیونکہ قرآن مجید کا فہم اسی حال ممکن ہے کہ جب اللہ رب العلمین کی نصرت کامل شامل حال ہو ورنہ تدبر ناقص یا بے معنیٰ ہوگا۔
موجودہ دور میں تدبرِ قرآن کی ضرورت
قرآنِ مجید ایک ایسی آسمانی کتاب ہے جس کا فیضان ہر زمانے اور ہر قوم کے لیے زندہ و جاوید ہے۔یہ نہ صرف عبادت کا ذریعہ ہےبلکہ زندگی کا مکمل نظام، فکر کا مرکز، اور عمل کی بنیاد ہے۔لیکن افسوس کہ آج کے دور میں یہ کتاب جسے “هُدًى لِّلنَّاسِ” (لوگوں کے لیے ہدایت) کہا گیا، وہی کتاب ہماری زندگیوں سے غائب ہو گئی ہے۔قرآن کی تلاوت ہے مگر تدبر و فہم ناپید، قرآن کی تعلیم ہے مگر عمل کا جذبہ کمزور۔اسی غفلت نے امت کو فکری و اخلاقی بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔
تدبرِ قرآن ایمان کا تقاضا
قرآن مجید میں بار بار انسان کو غور و فکر کی دعوت دی گئی ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ أَمْ عَلَىٰ قُلُوبٍ أَقْفَالُهَا (سورۃ محمد: 24)
کیا یہ لوگ قرآن میں غور نہیں کرتے؟ یا ان کے دلوں پر قفل لگے ہوئے ہیں؟
یہ آیت بتاتی ہے کہ جو شخص قرآن پر تدبر نہیں کرتا، گویا اس کا دل قفل زدہ ہے۔تدبر، ایمان کا زیور اور روح کی بیداری کا ذریعہ ہے۔اسی سے قلب کو سکون اور عقل کو روشنی ملتی ہے۔جیسا کہ اللہ رب العلمین فرماتے ہیں:
كِتَابٌ أَنزَلْنَاهُ إِلَيْكَ مُبَارَكٌ لِيَدَّبَّرُوا آيَاتِهِ (سورۃ ص: 29)
یہ ایک بابرکت کتاب ہے جو ہم نے آپ پر نازل کی ہے تاکہ لوگ اس کی آیات میں غور و فکر کریں۔
یہی وہ دعوت ہے جو آج کے مسلمان کے لیے سب سے زیادہ ضروری ہے — کیونکہ تدبرِ قرآن صرف علم نہیں دیتا بلکہ عمل، اخلاق، اور ایمان کی روشنی بھی پیدا کرتا ہے۔
حالاتِ حاضرہ میں قرآن سے دوری
آج کا انسان مادّیت کی دوڑ میں روحانیت کھو چکا ہے۔ترقی یافتہ ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا، سیاسی ہنگامے، اور معاشی دباؤ نے انسان کو ظاہری سہولتیں تو دی ہیں، مگر باطنی سکون چھین لیا ہے۔ہم نے اپنی زندگی کے فیصلے قرآن کے بجائے خواہشات، میڈیا اور مغربی فلسفوں کے حوالے کر دیے ہیں،جبکہ ہمیں اپنی زندگی کے ہر ایک پہلو میں قران کریم کی جانب رجوع کرنا چاہیے ، اور جو کوئی قرآن مجید سے اعراض کرتا ہے اس کے متعلق اللہ رب العزت فرماتے ہیں:
وَمَنْ أَعْرَضَ عَن ذِكْرِي فَإِنَّ لَهُ مَعِيشَةً ضَنكًا (سورۃ طٰهٰ: 124)
جو شخص میری یاد سے منہ موڑ لیتا ہے، اس کی زندگی تنگ ہو جاتی ہے۔
یہی تنگی آج کے انسان کا المیہ ہے۔ ظاہری آسائشوں کے باوجود اضطراب، بے سکونی، بے مقصدیت یہ سب قرآن سے دوری کا نتیجہ ہے۔
تدبرِ قرآن فکری و اخلاقی بیداری کا ذریعہ
تدبرِ قرآن صرف روحانی عبادت نہیں بلکہ فکری احیاء کا ذریعہ ہے۔قرآن انسان کو سوچنے، حقیقت کو پرکھنے اور عدل پر قائم رہنے کی تربیت دیتا ہے،اگر مسلمان قوم قرآن پر غور کرے تو وہ فکری غلامی، تعصب، اور فرقہ واریت سے نکل کر امتِ واحدہ بن سکتی ہے۔ ارشادِ ربّانی ہے :
إِنَّ هَٰذَا الْقُرْآنَ يَهْدِي لِلَّتِي هِيَ أَقْوَمُ (سورۃ الإسراء: 9)
یقیناً یہ قرآن اس راستے کی ہدایت دیتا ہے جو سب سے سیدھا ہے۔
قرآن عدل، علم، شجاعت، حیا، امانت اور تقویٰ جیسے اوصاف پیدا کرتا ہے، جو ایک سالم اور بیدار معاشرے کی بنیاد ہیں۔
تدبرِ قرآن نبی ﷺ اور صحابہؓ کی سنت
رسول اللہ ﷺ راتوں کو قیام میں قرآن پڑھتے اور ہر آیت پر ٹھہرتے، اس پر غور کرتے اور عمل کی دعا کرتے۔
قَامَ النَّبِيُّ ﷺ لَيْلَةً بِآيَةٍ يَرُدِّدُهَا، وَيَبْكِي، وَيَدْعُو (سنن النسائي: 1010)
نبی ﷺ نے ایک رات صرف ایک آیت پر قیام فرمایا، اسے بار بار دہراتے، روتے اور دعا کرتے رہے۔
یہ عمل ہمیں سکھاتا ہے کہ قرآن کا مقصد صرف پڑھنا نہیں بلکہ دل پر اثر لینا اور اس کے مطابق عمل کرنا ہے۔صحابہ کرامؓ قرآن کی آیات پر تدبر کرتے، ان پر عمل کرتے اور پھر اگلی آیت کی طرف بڑھتے۔
عصرِ حاضر کے مسائل کا قرآنی حل
آج دنیا دہشت گردی، ناانصافی، اخلاقی انحطاط اور خاندانی نظام کے ٹوٹنے جیسے بحرانوں میں مبتلا ہے۔ان سب کا علاج قرآن مجید یوں پیش کرتا ہے۔
امن کے لیے:
إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالإِحْسَانِ (النحل: 90)
معاشرت کے لیے:
وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ (النساء: 19)
معیشت کے لیے:
وَأَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا (البقرۃ: 275)
اخلاق کے لیے:
قَدْ أَفْلَحَ مَن زَكَّاهَا (الشمس: 9)
اگر امت ان آیات پر تدبر کرے تو اسلامی معاشرہ پھر سے زندہ ہو سکتا ہے۔
تدبرِ قرآن عملی انقلاب کی بنیاد
تدبر صرف علمی مشق نہیں، بلکہ عملی تحریک ہے۔جب قرآن دل میں اترتا ہے تو انسان بدل جاتا ہے، اور جب انسان بدلتا ہے تو معاشرہ بدلتا ہے۔قرآن نے مکہ کے جاہل عربوں کو چند برسوں میں دنیا کے رہنما بنا دیا۔آج بھی اگر ہم قرآن کو سمجھ کر پڑھیں تو وہی انقلاب دوبارہ برپا ہو سکتا ہے۔
سیدنا عمررضی اللہ عنہ فرماتے:
نحن قوم أعزنا الله بالإسلام، فمهما ابتغينا العزة بغيره أذلنا الله. (سير أعلام النبلاء، 5/382)
ہم وہ قوم ہیں جنہیں اللہ نے اسلام کے ذریعے عزت دی، اگر ہم کسی اور چیز میں عزت تلاش کریں گے تو اللہ ہمیں ذلیل کر دے گا۔
قرآن کو چھوڑ دینا زوال کی ضمانت ہے، اور قرآن سے وابستگی عروج کی۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
تَرَكْتُ فِيكُمْ مَا إِنْ تَمَسَّكْتُمْ بِهِ لَنْ تَضِلُّوا: كِتَابَ اللَّهِ وَسُنَّتِي (الموطأ للإمام مالك، 1594)
میں تم میں دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں، اگر تم نے ان کو مضبوطی سے پکڑ لیا تو کبھی گمراہ نہ ہوگے: اللہ کی کتاب اور میری سنت۔
قرآنِ حکیم کا تصورِ تدبر انسان کو محض قاری یا سامع کے درجے سے اٹھا کر صاحبِ بصیرت اور صاحبِ عمل بندہ بناتا ہے۔ تدبر کا مطلب یہ ہے کہ انسان اللہ کے کلام میں غور و فکر کرے، اس کے پیغام کو دل سے سمجھے، اور اسے اپنی زندگی کے ہر پہلو میں نافذ کرے۔ جب بندہ تدبر کے ساتھ قرآن سے رشتہ جوڑتا ہے تو اس پر ہدایت کے دروازے کھل جاتے ہیں، اور اس کی روح ایمان کی تازگی سے معمور ہو جاتی ہے۔
تدبر وہ آئینہ ہے جس میں مؤمن اپنی حقیقت کو پہچانتا اور اپنی اصلاح کا راستہ دیکھتا ہے۔ یہ عمل عقل کو جلا بخشتا ہے، دل کو سکون دیتا ہے اور کردار کو سنوارتا ہے۔ قرآن بار بار اپنے ماننے والوں کو دعوت دیتا ہے کہ وہ اس کے مضامین میں غور کریں تاکہ وہ الفاظ کے قاری نہیں، بلکہ ہدایت کے راہی بن سکیں۔
یوں تدبرِ قرآن محض ایک علمی مشق نہیں، بلکہ روحِ ایمان کی تجدید، فکر و شعور کی بالیدگی، اور اصلاحِ نفس و عمل کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
🤲 اللہ تعالٰی ہمیں اہل قرآن بنائے آمین یا رب العالمین
ناشر: حافظ امجد ربانی



