قرآن مجید کی سورتوں کے نام و معانی: ایک قیمتی یاد

قرآن مجید، اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے جو انسانیت کے لیے قیامت تک روشنی کا مینار ہے۔ اس عظیم الشان کتاب کو 114 سورتوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں سے ہر سورت اپنے اندر ایک مخصوص پیغام، مقصد اور حکمت رکھتی ہے۔ ان سورتوں کے نام نہ صرف ان کے مرکزی مضمون کی جانب رہنمائی کرتے ہیں، بلکہ ان کے انتخاب میں بھی ایک عظیم تربیتی پیغام پوشیدہ ہے۔
زیرِ نظر فہرست میں قرآن مجید کی تمام سورتوں کے نام، ان کے بنیادی معانی اور مختصر تعارف کرنے کی سعی کی گئی ہے۔

🔅 جب انسان علمِ قرآن کی راہ پر چلتا ہے تو ہر قدم ایک نور بن جاتا ہے، اور ہر استاد اس سفر کا چراغ بن جاتا ہے۔
ایسا ہی ایک مبارک سلسلہ ہمارے حفظِ قرآن کے دور میں ہمیں نصیب ہوا، جب ہم روزانہ نمازِ عصر کے بعد اپنے محترم استاد قاری ندیم ناصر سلمہ اللہ سے قرآن مجید کی سورتوں کے نام اور ان کے معانی سیکھا کرتے تھے۔ وہ نہایت محبت، سادگی اور اخلاص سے ہمیں ہر دن چند سورتوں کا نام اور ان کا مفہوم سمجھاتے۔ یہ معمول وقتاً فوقتاً جاری رہا اور یوں تمام سورتوں کا تعارف ہم نے ابتدائی عمر میں ہی سیکھ لیا۔

🔅 یہ محض الفاظ نہیں تھے، بلکہ قرآن سے قلبی تعلق کا پہلا سنگِ میل تھا۔ ان دنوں میں جو باتیں کاپی میں لکھیں، وہ آج بھی دل کے صفحے پر نقش ہیں۔ آج جب اُن یادوں کو پلٹ کر دیکھتا ہوں تو وہ لمحات ایک انمول خزانے کی صورت معلوم ہوتے ہیں، جنہوں نے قرآن سے نسبت کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

🔅 استاد محترم کا یہ عمل اس بات کی روشن دلیل ہے کہ قرآن مجید کی تعلیم محض حفظ یا تلاوت تک محدود نہ ہو، بلکہ اس کی سورتوں، مفاہیم اور پیغام کو بچوں کے دل و دماغ میں راسخ کیا جائے، تاکہ وہ کتابِ الٰہی کو صرف یاد نہ کریں، بلکہ سمجھیں اور اس سے جڑیں۔

اللہ تعالیٰ ہمارے ان محسن استاد کو سلامت رکھے، جزائے خیر دے اور ہمیں بھی قرآن کے پیغام کو سیکھنے، سمجھنے اور دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔

قرآن مجید کی سورتوں کے نام بمع معنی

1. سورةالفاتحہ – کھولنے والی، آغاز کرنے والی
2. سورةالبقرہ – گائے
3. سورةآلِ عمران – عمران کی اولاد
4. سورة النساء – عورتیں
5. سورة المائدہ – دسترخوان
6. سورة الأنعام – چوپائے، مویشی
7. سورة الأعراف – بلند مقامات
8. سورة الأنفال – مالِ غنیمت
9. سورة التوبہ – توبہ، رجوع
10. سورة یونس – ایک نبی کا نام
11. سورة ہود – ایک نبی کا نام
12. سورة یوسف – ایک نبی کا نام
13. سورة الرعد – گرج (بادل کی)
14. سورة ابراہیم – ایک نبی کا نام
15. سورة الحجر – ایک بستی کا نام (قوم ثمود کا علاقہ)
16. سورة النحل – شہد کی مکھی
17. سورة الإسراء – رات کا سفر (بنی اسرائیل بھی کہا جاتا ہے)
18. سورة الکہف – غار
19. سورة مریم – حضرت عیسیٰؑ کی والدہ
20. سورة طٰہٰ – حروفِ مقطعات
21. سورة الأنبیاء – انبیاء، نبیوں کی جمع
22. سورة الحج – حج، زیارت
23. سورة المؤمنون – ایمان والے
24. سورة النور – روشنی
25. سورة الفرقان – حق و باطل میں فرق کرنے والا
26. سورة الشعراء – شاعر، جمع
27. سورة النمل – چیونٹی
28. سورة القصص – قصے، سچے واقعات
29. سورة العنکبوت – مکڑی
30. سورة الروم – رومی سلطنت
31. سورة لقمان – ایک دانا و نیک شخص
32. سورة السجدہ – سجدہ کرنا
33. سورة الأحزاب – گروہ، اتحادی لشکر
34. سورة سبأ – ایک قوم کا نام
35. سورة فاطر – پیدا کرنے والا
36. سورة یٰسٓ – حروفِ مقطعات
37. سورة الصافات – صف باندھنے والے
38. سورة صٓ – حروفِ مقطعات
39. سورة الزمر – گروہ در گروہ
40. سورة غافر – بخشنے والا (المؤمن بھی کہا جاتا ہے)
41. سورة فصّلت – واضح طور پر بیان کی گئی
42. سورة الشورىٰ – مشورہ
43. سورة الزخرف – سونا، زینت
44. سورة الدخان – دھواں
45. سورة الجاثیہ – گھٹنوں کے بل گرے ہوئے
46. سورة الأحقاف – ریت والے علاقے، قوم عاد کا علاقہ
47. سورة محمد – نبی کریم ﷺ کا نام مبارک
48. سورة الفتح – فتح، کامیابی
49. سورة الحجرات – حجرے، کمرے
50. سورة قٓ – حروفِ مقطعات
51. سورة الذاریات – بکھیرنے والی ہوائیں
52. سورة الطور – طور پہاڑ
53. سورة النجم – ستارہ
54. سورة القمر – چاند
55. سورة الرحمٰن – بے حد رحم فرمانے والا (اللہ کا نام)
56. سورة الواقعہ – ہونے والی، قیامت
57. سورة الحدید – لوہا
58. سورة المجادلہ – بحث کرنے والی خاتون
59. سورة الحشر – جمع کرنا، اکٹھا کرنا
60. سورة الممتحنہ – امتحان لینے والی
61. سورة الصف – صف باندھنے والے
62. سورة الجمعة – جمعہ کا دن
63. سورة المنافقون – منافق لوگ
64. سورة التغابن – خسارے کا دن
65. سورة الطلاق – طلاق
66. سورة التحریم – حرام کرنا
67. سورة الملک – بادشاہی
68. سورة القلم – قلم
69. سورة الحاقہ – ثابت ہونے والی، حقیقت
70. سورة المعارج – چڑھنے کی راہیں، بلندیاں
71. سورة نوح – ایک نبی کا نام
72. سورة الجن – جنات
73. سورة المزمل – چادر اوڑھنے والا
74. سورة المدثر – چادر لپیٹنے والا
75. سورة القیامہ – قیامت
76. سورة الدهر –زمانہ (الانسان بھی کہا جاتا ہے)
77. سورة المرسلات – بھیجی جانے والی ہوائیں
78. سورة النبأ – بڑی خبر
79. سورة النازعات – سختی سے کھینچنے والے فرشتے
80. سورة عبس – تیوری چڑھانا
81. سورة التکویر – لپیٹ دینا
82. سورة الانفطار – پھٹ جانا
83. سورة المطففین – ناپ تول میں کمی کرنے والے
84. سورة الانشقاق – شق ہونا، پھٹنا
85. سورة البروج – آسمانی برج
86. سورة الطارق – رات کو آنے والا، چمکتا تارا
87. سورة الأعلى – سب سے بلند
88. سورة الغاشیہ – چھا جانے والی آفت
89. سورة الفجر – فجر
90. سورة البلد – شہر
91. سورة الشمس – سورج
92. سورة اللیل – رات
93. سورة الضحیٰ – چمکتا دن
94. سورة الشرح – شرح صدر، سینے کو کھولنا
95. سورة التین – انجیر
96. سورة العلق – خون کا لوتھڑا
97. سورة القدر – تقدیر، عظمت والی رات
98. سورة البینہ – واضح دلیل
99. سورة الزلزال – زلزلہ
100. سورة العادیات – دوڑنے والے گھوڑے
101. سورة القارعہ – ہولناک آواز، کھڑکھڑاہٹ
102. سورة التکاثر – بڑھتی خواہش، زیادتی کی حرص
103. سورة العصر – زمانہ
104. سورة الهمزہ – طعن و تشنیع کرنے والا
105. سورة الفیل – ہاتھی
106. سورة قریش – قریش قبیلہ
107. سورة الماعون – معمولی مدد، برتنے کی چیزیں
108. سورة الکوثر – خیرِ کثیر، جنت کی نہر
109. سورة الکافرون – انکار کرنے والے
110. سورة النصر – مدد، فتح
111. سورة المسد – بٹھی ہوئی رسی، (ابولہب کی ہلاکت کی پیش گوئی)
112. سورة الإخلاص – توحید، خالص عقیدہ
113. سورة الفلق – فجر، صبح کی روشنی
114. سورة الناس – لوگ، انسان

اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس سادہ اور مختصر کوشش کے ذریعے قرآن مجید کی سورتوں کے نام اور ان کے معانی کو ایک مربوط انداز میں پیش کیاہے، تاکہ عام قاری کے لیے فہمِ قرآن کا دروازہ کھلے اور وہ قرآن سے قرب محسوس کرے۔
یہ فہرست محض ایک تعارفی خاکہ ہے، اصل معرفت قرآن کے ترجمہ، تدبر اور تفسیر کے ساتھ حاصل ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی کتاب کے معانی کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اس کی روشنی کو دنیا تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔

ناشر: حافظ امجد ربانی

یہ بھی پڑھیں: کرپشن کے خلاف بھی ایک بنیان مرصوص آپریشن چاہیے۔