سوال (6386)

اگر قرآن پاک میں واقعہ کربلا ہے تو کہاں ہے اور آگر نہیں ہے تو کیوں نہیں ہے؟

جواب

قرآن کریم میں جو بیان کرنا ضروری تھا اسے رب العالمین نے بیان کر دیا ہے اور جسے نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کے ذریعے بیان کروانا ضروری تھا اسے بھی بیان کروا دیا ہے۔
ہم اہل ایمان پر لازم ہے کہ قرآن کریم پر اسی طرح ایمان لائیں جس طرح ایمان لانے کا حکم ہے اور جس طرح صحابہ کرام رضوان الله تعالی علیھم اجمعین ایمان لائے۔

فضیلۃ العالم ابو انس طیبی حفظہ اللہ

قرآن کریم واقعہ کربلا سے تقریبا نصف صدی قبل مکمل نازل ہوچکا تھا۔ نزول قرآن کا سلسلہ مکمل ہوجانے کے بعد ہونے والے واقعات کس طرح قرآن میں آسکتے ہیں؟ قرآن کریم نے تو زمانہ نزول کے دوران رونما ہونے والے سب واقعات کو بیان نہیں کیا چہ جائے کہ تکمیل نزول کے بعد والے واقعات کو ہم قرآن سے تلاش کرنے کی ضد کریں۔ یہ تو ایسے ہی ہے کہ کوئی بچہ اپنے والدین سے لڑے اور ضد کرے کہ میں آپ کی شادی میں کیوں نہیں تھا؟
اس نوعیت کے سوالات تندرست ذہنی توازن کی عکاسی نہیں کرتے۔ اجتناب کرنا چاہیے اور لایعنی باتوں اور فضول سوالات سے بچنے کی کوشش اور اللہ کے حضور دعا کرنی چاہیے۔

فضیلۃ العالم امان اللہ عاصم حفظہ اللہ